فاروق شفق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھولوں کو ویسے بھی مرجھانا ہے مرجھائیں گے (غزل)
پھولوں کو ویسے بھی مرجھانا ہے مرجھائیں گے
کھڑکیاں کھولیں تو سناٹے چلے آئیں گے
لاکھ ہم اجلی رکھیں شہر کی دیواروں کو
شہر نامہ تو بہرحال لکھے جائیں گے
راکھ رہ جائے گی روداد سنانے کے لیے
یہ تو مہمان پرندے ہیں چلے جائیں گے
اپنی لغزش کو تو الزام نہ دے گا کوئی
لوگ تھک ہار کے مجرم ہمیں ٹھہرائیں گے
آج جن جگہوں کی تفریح سے محفوظ ہوں میں
میرے حالات مجھے کل وہاں پہنچائیں گے
راستے شام کو گھر لے کے نہیں لوٹیں گے
ہم تبرک کی طرح راہوں میں بٹ جائیں گے
دن کسی طرح سے کٹ جائے گا سڑکوں پہ شفقؔ
شام پھر آئے گی ہم شام سے گھبرائیں گے
اپنی پہچان کوئی زمانے میں رکھ (غزل)
اپنی پہچان کوئی زمانے میں رکھ
خود کو ضائع نہ کر کچھ خزانے میں رکھ
رات کی بے لباسی پہ مضمون لکھ
شام کے پھول چن کے لفافے میں رکھ
روشنی کی ضرورت پڑے گی تجھے
آگ محفوظ کچھ آشیانے میں رکھ
جانتا ہوں مرا کوئی مصرف نہیں
ایک فیشن سمجھ کے حوالے میں رکھ
سارے تیروں کو اک ساتھ ضائع نہ کر
فرق کچھ تو اندھیرے اجالے میں رکھ