پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فارغ بخاری کی غزلیں — Farigh Bukhari Ghazals

فارغ بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد آئیں گے زمانے کو مثالوں کے لیے (غزل)

یاد آئیں گے زمانے کو مثالوں کے لیے

جیسے بوسیدہ کتابیں ہوں حوالوں کے لیے

دیکھ یوں وقت کی دہلیز سے ٹکرا کے نہ گر

راستے بند نہیں سوچنے والوں کے لیے

آؤ تعمیر کریں اپنی وفا کا معبد

ہم نہ مسجد کے لیے ہیں نہ شوالوں کے لیے

سالہا سال عقیدت سے کھلا رہتا ہے

منفرد راہوں کا آغوش جیالوں کے لیے

رات کا کرب ہے گلبانگ سحر کا خالق

پیار کا گیت ہے یہ درد اجالوں کے لیے

شب فرقت میں سلگتی ہوئی یادوں کے سوا

اور کیا رکھا ہے ہم چاہنے والوں کے لیے

دل کے گھاؤ جب آنکھوں میں آتے ہیں (غزل)

دل کے گھاؤ جب آنکھوں میں آتے ہیں

کتنے ہی زخموں کے شہر بساتے ہیں

کرب کی ہاہا کار لیے جسموں میں ہم

جنگل جنگل صحرا صحرا جاتے ہیں

دو دریا بھی جب آپس میں ملتے ہیں

دونوں اپنی اپنی پیاس بجھاتے ہیں

سوچوں کو لفظوں کی سزا دینے والے

سپنوں کے سچے ہونے سے گھبراتے ہیں

درد کا زندہ رہنا پیاس کا معجزہ ہے

دیوانے ہی یہ بن باس کماتے ہیں

تاریخوں میں گزرے ماضی کی صورت

اہل جنوں کے نقش پا مل جاتے ہیں

دکھ سکھ بھی کرتا ہے سر بھی پھوڑتا ہے

دیواروں سے فارغ کے سو ناتے ہیں

یہ غنیمت ہے کہ وہ خواب ادھورے ہی رہے (نظم)

یہ غنیمت ہے کہ وہ خواب ادھورے ہی رہے

وہ جو اک عمر تلک

میری بے خواب نگاہوں کا اڑاتے تھے مذاق

وہ جنہیں سادہ دلی سمجھی جنوں کا تریاک

جو کبھی بام پہ چمکے

کبھی در سے جھانکے

کبھی روزن کبھی چلمن سے نمودار ہوئے

جو کبھی زلف کا جادو

تو کبھی شعلۂ رخسار ہوئے

جو کبھی چشم فسوں کار ہوئے

کھول کر بند دریچے چمن آرائی کی

آرزو بنتے گئے جو غم تنہائی کی

مرگ تعبیر کا عنواں نہ بنے

ورنہ یہ تہمت رسوائی کہاں سے آتی

میرے فن میں یہ مسیحائی کہاں سے آتی