پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فریدہ خانم کی غزلیں — Farida Khanum Ghazals

فریدہ خانم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تارے گننے کے زمانے اب کہاں (غزل)

تارے گننے کے زمانے اب کہاں

عاشقی کے وہ ترانے اب کہاں

کون مرتا ہے کسی کے واسطے

لیلیٰ مجنوں کے فسانے اب کہاں

وہ نہ دریا اور نہ گہری چاہتیں

سوہنی اور ماہی دیوانے اب کہاں

کون چیرے گا پہاڑوں کے جگر

تیشۂ فرہاد جانے اب کہاں

آنکھوں آنکھوں میں جو ہوتے تھے کبھی

ہیر رانجھے کے نشانے اب کہاں

سامنے آ جائے یوسف اور بس

وہ زلیخا کے بہانے اب کہاں

جاؤ جاؤ عاشق خانمؔ کہ وہ

بھولے پن کے سب زمانے اب کہاں

ہر دکھ کو میں جھیلی ہوں (غزل)

ہر دکھ کو میں جھیلی ہوں

درد بساط پہ کھیلی ہوں

خود سے ہی دل کی بات کروں

اپنی آپ سہیلی ہوں

کیا کوئی مجھ کو جانے گا

ایسی ایک پہیلی ہوں

تیرے جہاں کو مہکاؤں

چمپا اور چنبیلی ہوں

اپنے حصار میں لاؤں تجھے

دست دعا کی ہتھیلی ہوں

مجھ میں بستا نہیں کوئی

پر اسرار حویلی ہوں

کروں جو تیرے بس میں نہیں

وہ سرمست البیلی ہوں

اس پر شور زمانے میں

خانمؔ کتنی اکیلی ہوں

کچھ کہتے کہتے رہ جانا (نظم)

کچھ کہتے کہتے رہ جانا

اور رکتے رکتے کہہ جانا

یہ پیار تو ایسا ہوتا ہے

جو دل میں درد سموتا ہے

اب بھیگی بھیگی شاموں میں

اک چہرہ ہر پل آنکھوں میں

ہنستا بھی ہے روتا بھی ہے

دل میں درد ڈبوتا بھی ہے

کہ اک احساس مٹانے کو

کہ دل میں درد بسانے کو

ہر دھڑکن میں ہر آنگن میں

کہ چھنکے ہاتھ کے کنگن میں

یہ رنگ نظر بس آتا ہے

ایسا اکثر ہو جاتا ہے

دل کا داغ انوکھا ہے

خانمؔ یہ سب تو دھوکا ہے

مزید غزلیں از فریدہ خانم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں