پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فریدہ عالم فہمی کی غزلیں — Farida Alam Fahmi Ghazals

فریدہ عالم فہمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب آنکھوں کے یہ بے جان کہاں ہوتے ہیں (غزل)

خواب آنکھوں کے یہ بے جان کہاں ہوتے ہیں

راستے صبر کے آسان کہاں ہوتے ہیں

جو گئے آپ تو تنہائی یہاں رہنے لگی

کہ نگر دل کے یہ ویران کہاں ہوتے ہیں

کوئی مر جائے سسکتا رہے دم بھرتا رہے

ہنسنے والے یہ پریشان کہاں ہوتے ہیں

درد تو شور مچاتا ہے اکیلے من میں

دل کے دالان بھی سنسان کہاں ہوتے ہیں

کوئی قاتل بھی اگر تخت پہ قبضہ کر لے

لوگ کم ظرف یہ حیران کہاں ہوتے ہیں

ناخداؤں نے سنبھالی ہے یہ دنیا جب سے

ڈھونڈھتی پھرتی ہوں بھگوان کہاں ہوتے ہیں

چلتی پھرتی ہوئی بے جان مشینیں ہیں یہ سب

وہ جو انسان تھے انسان کہاں ہوتے ہیں

یہ بجز دوستوں کے اور عطا کس کی ہے

ناتواں ورنہ یہ پیمان کہاں ہوتے ہیں

غم کی شدت مجھے رونے نہیں دیتی کیونکہ

رنج و غم درد کے احسان کہاں ہوتے ہیں

دل کو سمجھا لیا کہتے ہوئے فہمیؔ اتنا

پورے ہو جائیں وہ ارمان کہاں ہوتے ہیں

کہاں سے کلیجہ یہ لائے محبت (غزل)

کہاں سے کلیجہ یہ لائے محبت

عبث ہے یہ لنگر اٹھائے محبت

زمانے میں اس کی ضرورت ہے سب کو

جہاں سے ملے کوئی لائے محبت

ہے سینہ کشادہ مرے شہر کا پر

ہے صد حیف جو تو نہ پائے محبت

یہ ہی دہر کی ہے حقیقی کہانی

کسی نے نہ پائی دوائے محبت

میں تشنہ لبی کو لیے منتظر ہوں

میں سن لوں خدایا صدائے محبت

عداوت سے دنیا کو تم بھر رہے ہو

تو رستہ کہاں سے یہ پائے محبت

محبت محبت محبت محبت

خدا سب کو بخشے شفائے محبت

جھلسنے نہیں دے گی فہمیؔ سمجھ لو

خدا کی عطا یہ ردائے محبت

مزید غزلیں از فریدہ عالم فہمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں