فرحت زاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عورت ہوں مگر صورت کہسار کھڑی ہوں (غزل)
عورت ہوں مگر صورت کہسار کھڑی ہوں
اک سچ کے تحفظ کے لیے سب سے لڑی ہوں
وہ مجھ سے ستاروں کا پتا پوچھ رہا ہے
پتھر کی طرح جس کی انگوٹھی میں جڑی ہوں
الفاظ نہ آواز نہ ہم راز نہ دم ساز
یہ کیسے دوراہے پہ میں خاموش کھڑی ہوں
اس دشت بلا میں نہ سمجھ خود کو اکیلا
میں چوب کی صورت ترے خیمے میں گڑی ہوں
پھولوں پہ برستی ہوں کبھی صورت شبنم
بدلی ہوئی رت میں کبھی ساون کی جھڑی ہوں
یاد آتے ہی رہے دل سے نکالے ہوئے لوگ (غزل)
یاد آتے ہی رہے دل سے نکالے ہوئے لوگ
کس کی میراث تھے اور کس کے حوالے ہوئے لوگ
شہر آشوب میں آنسو کی طرح پھرتے ہیں
ہائے وہ لوگ کسی خواب کے پالے ہوئے لوگ
اول اول تو ہماری ہی طرح لگتے تھے
منصب عشق پہ آئے تو نرالے ہوئے لوگ
جانے کس سمت انہیں تلخیٔ دوراں لے جائے
اپنی پہچان کو نیزوں پہ اچھالے ہوئے لوگ
ایک رت آئی کہ خوشبو کی طرح پھیل گئے
اور پھر وقت کی موجوں کے حوالے ہوئے لوگ
کوئی دن ایسا بھی آیا کیا (نظم)
کوئی دن ایسا بھی آیا کیا
تم جی پائی ہو اپنے لیے
تم مر پائی ہو اپنے لیے
کبھی کھل کر ہنسنا سیکھا ہو
کسی خواب کو چھو کر دیکھا ہو
جاگی ہو اپنی صبحوں میں
کبھی سوئی اپنی آنکھ سے تم
ڈالی ہو اپنی جھولی میں
کبھی چاہت اپنے حصے کی
کبھی تنہائی کے پیالے میں
کوئی لمحہ امرت جیسا بھی
کبھی روح کے صحرا میں گونجا
کوئی نام خدا سے پیارا بھی
کبھی زنگ آلود کواڑوں پر
کسی گیت نے کوئی دستک دی
کبھی گونگے بہرے لمحوں میں
آسیب کوئی ہم زاد کوئی
کبھی دل کا بوجھ اتارا بھی