پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحت شہزاد کی غزلیں — Farhat Shahzad Ghazals

فرحت شہزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک بس تو ہی نہیں مجھ سے خفا ہو بیٹھا (غزل)

ایک بس تو ہی نہیں مجھ سے خفا ہو بیٹھا

میں نے جو سنگ تراشا تھا خدا ہو بیٹھا

اٹھ کے منزل ہی اگر آئے تو شاید کچھ ہو

شوق منزل تو مرا آبلہ پا ہو بیٹھا

مصلحت چھین لی ہے قوت گفتار مگر

کچھ نہ کہنا ہی مرا میری خطا ہو بیٹھا

شکریہ اے مرے قاتل اے مسیحا میرے

زہر جو تو نے دیا تھا وہ دوا ہو بیٹھا

جان شہزاد کو من جملۂ اعدا پا کر

ہوک وہ اٹھی کہ جی تن سے جدا ہو بیٹھا

نہیں ہے اب کوئی رستہ نہیں ہے (غزل)

نہیں ہے اب کوئی رستہ نہیں ہے

کوئی جز آپ کے اپنا نہیں ہے

ہر اک رستے کا پتھر پوچھتا ہے

تجھے کیا کچھ بھی اب دکھتا نہیں ہے

عجب ہے روشنی تاریکیوں سی

کہ میں ہوں اور مرا سایا نہیں ہے

پرستش کی ہے میری دھڑکنوں نے

تجھے میں نے فقط چاہا نہیں ہے

میں شاید تیرے دکھ میں مر گیا ہوں

کہ اب سینے میں کچھ دکھتا نہیں ہے

لٹا دی موت بھی قدموں پہ تیرے

بچا کر تجھ سے کچھ رکھا نہیں ہے

قیامت ہے یہی ادراک جاناں

میں اس کا ہوں کہ جو میرا نہیں ہے

مری باتیں ہیں سب باتیں تمہاری

مرا اپنا کوئی قصہ نہیں ہے

تجھے محسوس بھی میں کر نہ پاؤں

اندھیرا ہے مگر اتنا نہیں ہے

بجز نیتوؔ کی یادیں اب جہاں میں

کوئی شہزادؔ جی تیرا نہیں ہے

مزید غزلیں از فرحت شہزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں