فریحہ نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم تحفے میں گھڑیاں تو دے دیتے ہیں (غزل)
ہم تحفے میں گھڑیاں تو دے دیتے ہیں
اک دوجے کو وقت نہیں دے پاتے ہیں
آنکھیں بلیک اینڈ وائٹ ہیں تو پھر ان میں کیوں
رنگ برنگے خواب کہاں سے آتے ہیں
خوابوں کی مٹی سے بنے دو کوزوں میں
دو دریا ہیں اور اکٹھے بہتے ہیں
چھوڑو جاؤ کون کہاں کی شہزادی
شہزادی کے ہاتھ میں چھالے ہوتے ہیں
درد کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا
ہم بے کار حروف الٹتے رہتے ہیں
تمہیں پانے کی حیثیت نہیں ہے (غزل)
تمہیں پانے کی حیثیت نہیں ہے
مگر کھونے کی بھی ہمت نہیں ہے
بہت سوچا بہت سوچا ہے میں نے
جدائی کے سوا صورت نہیں ہے
تمہیں روکا تو جا سکتا ہے لیکن
مرے اعصاب میں قوت نہیں ہے
مرے اشکو مرے بیکار اشکو!!
تمہاری اب اسے حاجت نہیں ہے
ابھی تم گھر سے باہر مت نکلنا
تمہاری ہوش کی حالت نہیں ہے
دعا کیا دوں بھلا جاتے ہوئے میں
تمہیں تکنے سے ہی فرصت نہیں ہے
محبت کم نہ ہوگی یاد رکھنا!!
یہ بڑھتی ہے، کہ یہ دولت نہیں ہے
زمانے اب ترے مد مقابل
کوئی کمزور سی عورت نہیں ہے
ہم دسمبر میں شاید ملے تھے کہیں۔۔!! (نظم)
ہم دسمبر میں شاید ملے تھے کہیں۔۔!!
جنوری، فروری، مارچ، اپریل۔۔۔۔
اور اب مئی آ گیا۔۔۔۔
ایک سو بیس دن۔۔۔۔
ایک سو بیس صدیاں۔۔۔۔ گزر بھی گئیں
تم بھی جیتے رہے,
میں بھی جیتی رہی۔۔۔۔
خواہشوں کی سلگتی ہوئی ریت پر
زندگانی دبے پاؤں چلتی رہی
میں جھلستی رہی۔۔۔۔
میں۔۔۔۔ جھلستی۔۔۔۔ رہی
خیر،
چھوڑو یہ سب!
تم بتاؤ تمہیں کیا ہوا؟
کیوں پریشان ہو؟؟؟؟