فرحت پروین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرحلے آئے رہ عشق میں دشوار کئی (غزل)
مرحلے آئے رہ عشق میں دشوار کئی
میں نے اک چاند کے دیکھے ہیں طلب گار کئی
وحشت رم تھی طبیعت میں غزالوں جیسی
یوں تو آتے ہی رہے راہ میں چھتنار کئی
ہوں وہ تصویر جو اب تک ہے نہاں رنگوں میں
یوں تو سنتے ہیں کہ ہیں شہر میں فن کار کئی
زیست کرنا بھی ہوا چومکھی لڑنا گویا
اپنی ہی ذات سے بھی ہوتے ہیں پیکار کئی
چشم بینا ہو پرکھ ہو تو نظر آئیں گے
ہفت اقلیم لئے پھرتے ہیں نادار کئی
سر پہ سورج تھا زمیں سخت اکیلی تھی میں
سائے میں پہنچی تو تھے ہمدم و دل دار کئی
منحرف چارہ گری سے ہوا ایماں میرا
دل دکھا جاتے ہیں کچھ اور بھی غم خوار کئی
سنو کوئی عذر مت ڈھونڈو نہ ہی نظریں چراؤ تم (نظم)
سنو کوئی عذر مت ڈھونڈو نہ ہی نظریں چراؤ تم
مجھے معلوم ہے میں سب سمجھتی ہوں
تمہارے عہد الفت سے تمہیں آزاد کرتی ہوں
اب ایسا ہے کہ پتھر کا زمانہ پھر سے لوٹ آیا
وہی قانون جنگل کا جبلت کا غلام انساں
فراز عشق سے پاتال تک کا ہے سفر یعنی
فراق و ہجر کے موسم ہوئے پارینہ قصے اب
بہ کثرت ہیں میسر اب تو معشوقان شیریں لب
میں ہوں حیرت زدہ اب تک
وہ کیسے لوگ تھے آخر
لہو سے کر گئے رنگین جو الفت کے قصوں کو
عجب ہی رہ نکالی تھی
وفا کی رسم ڈالی تھی
میں قصہ گو ابھی تک داستانوں میں ہی رہتی ہوں
وہی رسمیں نبھاتی ہوں وہی دکھ درد سہتی ہوں
مگر میں عہد حاضر کے رویوں سے بھی واقف ہوں