پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحت نواز کی غزلیں — Farhat Nawaz Ghazals

فرحت نواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شجر گہرے زمینوں میں گڑے ہیں (غزل)

شجر گہرے زمینوں میں گڑے ہیں

تو کیوں ہلکی ہوا میں کانپتے ہیں

چلو اس موڑ سے واپس چلیں ہم

اب آگے مختلف رستے بنے ہیں

ہمیں یہ دکھ نہیں ہے خود کو کھویا

یہ غم ہے ہم اسے بھی کھو چکے ہیں

ہمارے خواب بھی اپنے کہاں ہیں

کسی کی یاد نے آ کر بنے ہیں

جب اس کو بھول بیٹھی ہوں میں فرحتؔ

تو پھر آنکھوں میں کیسے رت جگے ہیں

لگا تھا یوں کسی اونچی اڑان سے اترے (غزل)

لگا تھا یوں کسی اونچی اڑان سے اترے

تصورات کے جب لا مکان سے اترے

شجر کی بانہوں میں سوئی ہوا کو نہ چھیڑو

تھکن کا بوجھ تو کچھ جسم و جان سے اترے

میں دیکھ تو لوں زمانے کے تیوروں کا رنگ

وہ تھوڑی دیر کو ہی میرے دھیان سے اترے

چمک کے خوشیوں کا سورج بھی تھک گیا آخر

اداسیوں کے نہ سائے مکان سے اترے

انا یوں گھات میں بیٹھی رہے گی کتنی دیر

کبھی تو میرے بدن کے مچان سے اترے

بلندیوں کی مسافت کا دم نہیں مجھ میں

مرے لئے کوئی چشمہ چٹان سے اترے

گلاب رت میں بھی اتنی اداسیاں فرحتؔ

ترے لئے تو ارم آسمان سے اترے

میں امیدوں کی یہ بجھتی کرنیں لئے (نظم)

میں امیدوں کی یہ بجھتی کرنیں لئے

یوں اندھیروں میں کب تک بھٹکتی پھروں

اپنے زخموں پہ پھیلاؤں میں کب تلک

بے صدا خواہشوں کی سلگتی قبا

اور پھر کب تلک

تشنگی کے جو پیوند ہیں جا بجا

اس جہاں کی نظر سے چھپاتی پھروں

کب تلک میں سنوں نغمۂ زندگی

ہر اکھڑتی ہوئی سانس کے ساز پر

کب تلک یوں جمائے رہوں میں قدم

وقت کی اس خطرناک ڈھلوان پر

جس کی پھسلن لئے جا رہی ہے اسے

دور مجھ سے بہت دور جانے کدھر

دن بہ دن اس کی معدوم ہوتی ہوئی

دھندلی دھندلی سی پرچھائیاں دیکھ کر

جی کہے

آتما کا گلا گھونٹ دوں

اور پھر یاس کے تلملاتے ہوئے

اندھے وحشی بگولوں کی یورش بنوں

رقص وحشت کروں

مزید غزلیں از فرحت نواز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں