فرحت نادر رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ذرا سی رات اور اتنا ثواب کافی ہے (غزل)
ذرا سی رات اور اتنا ثواب کافی ہے
مری نظر کو فقط تیرا خواب کافی ہے
میں چاہتی نہیں مجھ کو ورق ورق لکھ دے
سر ورق ہے جو اک انتساب کافی ہے
میں کیا کروں گی یہ اتنی کہانیاں لے کر
مرے لیے تو فقط اک کتاب کافی ہے
میں اپنی پیاس کو محسوس کر کے جیتی ہوں
سمندروں کی طلب کیا سراب کافی ہے
میں تجھ سے ملتی ہوں فرحتؔ تو خوف آتا ہے
کہ مجھ پہ تیرا پرانا حساب کافی ہے
نہیں ہیں لفظ میسر تو پھر تأثر بھیج
کسی بھی شکل میں ہو اک جواب کافی ہے
خیال یار کہاں ہے کوئی بتائے اسے
مرے لیے وہی خانہ خراب کافی ہے
گلوں کا رنگ تپش خوشبوئیں سمندر کھینچ (غزل)
گلوں کا رنگ تپش خوشبوئیں سمندر کھینچ
کچھ اس طرح سے مری آرزو کا پیکر کھینچ
نکل ہی جائے نہ دم اپنا آہ سوزاں سے
زباں پہ لفظ تو رکھ اس طرح نہ تیور کھینچ
اٹک رہا ہے مرا دم نکل نہ پائے گا
ستم شعار جگر سے مرے یہ خنجر کھینچ
محاذ جنگ پہ تیری شکست آخر ہے
حصار کر لے خود اپنا تمام لشکر کھینچ
کئی ستارے کھنچے آئیں گے سلامی کو
تو اس جگہ سے ذرا ہٹ کے اپنا محور کھینچ
تجھے تو کھینچ نہ پائی حیات کی فرحتؔ
جو تجھ سے ہو سکے یہ زندگی کا پتھر کھینچ