فرحت قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آئی خزاں چمن میں گئے دن بہار کے (غزل)
آئی خزاں چمن میں گئے دن بہار کے
شرمندہ سب درخت ہیں کپڑے اتار کے
میک اپ سے چھپ سکیں گی خراشیں نہ وقت کی
آئینہ ساری باتیں کہے گا پکار کے
انساں سمٹتا جاتا ہے خود اپنی ذات میں
بندھن بھی کھلتے جاتے ہیں صدیوں کے پیار کے
پھر کیا کرے گا رہ کے کوئی تیرے شہر میں
راتیں ہی جب نصیب ہوں راتیں گزار کے
سوچا ہے اپنے زخموں کے آنگن میں بیٹھ کر
سجدے کروں گا نقش تمنا ابھار کے
تنہائیوں کا درد سمیٹے ہوئے کوئی
فرحتؔ چلا ہے ٹھوکریں دنیا کو مار کے
جتنے لوگ نظر آتے ہیں سب کے سب بیگانے ہیں (غزل)
جتنے لوگ نظر آتے ہیں سب کے سب بیگانے ہیں
اور وہی ہیں دور نظر سے جو جانے پہچانے ہیں
زنجیروں کا بوجھ لئے ہیں بے دیوار کے زنداں میں
پھر بھی کچھ آواز نہیں ہے کیسے یہ دیوانے ہیں
بچ بچ کر چلتے ہیں ہر دم شیشے کی دیواروں سے
کون کہے دیوانہ ان کو یہ تو سب فرزانے ہیں
خود ہی بجھا دیتے ہیں شمعیں روشنیوں سے گھبرا کر
اس محفل میں اے لوگو کچھ ایسے بھی پروانے ہیں
صیادوں نے گل چینوں نے گلشن کو تاراج کیا
لیکن ہم دیوانوں سے آباد ابھی ویرانے ہیں
ان کا غم ہے اپنا غم ہے اپنے پرائے سب کا غم
شہر وفا میں پھر بھی فرحتؔ اور کئی غم خانے ہیں
کئی بار ایسا ہوا ہے (نظم)
کئی بار ایسا ہوا ہے
کہ جب تیری یادوں کے جنگل میں
میں راستہ بھول بیٹھا
بھٹکتا رہا صبح سے شام تک
شام سے صبح تک
اور تھک ہار کر
میں نے آئینہ دیکھا
تو دل کو قرار آ گیا ہے
کہ تو آئنے میں
مرے سامنے ہی کھڑا ہے