پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحت احساس کی غزلیں — Farhat Ehsas Ghazals

فرحت احساس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہیں اس سے محبت ہے تو ہمت کیوں نہیں کرتے (غزل)

تمہیں اس سے محبت ہے تو ہمت کیوں نہیں کرتے

کسی دن اس کے در پہ رقص وحشت کیوں نہیں کرتے

علاج اپنا کراتے پھر رہے ہو جانے کس کس سے

محبت کر کے دیکھو نا محبت کیوں نہیں کرتے

تمہارے دل پہ اپنا نام لکھا ہم نے دیکھا ہے

ہماری چیز پھر ہم کو عنایت کیوں نہیں کرتے

مری دل کی تباہی کی شکایت پر کہا اس نے

تم اپنے گھر کی چیزوں کی حفاظت کیوں نہیں کرتے

بدن بیٹھا ہے کب سے کاسۂ امید کی صورت

سو دے کر وصل کی خیرات رخصت کیوں نہیں کرتے

قیامت دیکھنے کے شوق میں ہم مر مٹے تم پر

قیامت کرنے والو اب قیامت کیوں نہیں کرتے

میں اپنے ساتھ جذبوں کی جماعت لے کے آیا ہوں

جب اتنے مقتدی ہیں تو امامت کیوں نہیں کرتے

تم اپنے ہونٹھ آئینے میں دیکھو اور پھر سوچو

کہ ہم صرف ایک بوسہ پر قناعت کیوں نہیں کرتے

بہت ناراض ہے وہ اور اسے ہم سے شکایت ہے

کہ اس ناراضگی کی بھی شکایت کیوں نہیں کرتے

کبھی اللہ میاں پوچھیں گے تب ان کو بتائیں گے

کسی کو کیوں بتائیں ہم عبادت کیوں نہیں کرتے

مرتب کر لیا ہے کلیات زخم اگر اپنا

تو پھر احساسؔ جی اس کی اشاعت کیوں نہیں کرتے

ہر گلی کوچے میں رونے کی صدا میری ہے (غزل)

ہر گلی کوچے میں رونے کی صدا میری ہے

شہر میں جو بھی ہوا ہے وہ خطا میری ہے

یہ جو ہے خاک کا اک ڈھیر بدن ہے میرا

وہ جو اڑتی ہوئی پھرتی ہے قبا میری ہے

وہ جو اک شور سا برپا ہے عمل ہے میرا

یہ جو تنہائی برستی ہے سزا میری ہے

میں نہ چاہوں تو نہ کھل پائے کہیں ایک بھی پھول

باغ تیرا ہے مگر باد صبا میری ہے

ایک ٹوٹی ہوئی کشتی سا بنا بیٹھا ہوں

نہ یہ مٹی نہ یہ پانی نہ ہوا میری ہے

تم کو پا لینے کی دھن میں (نظم)

تم کو پا لینے کی دھن میں

دنیا اوڑھی

رنگ برنگے کپڑے پہنے

پیشانی پر سورج باندھا

آنگن بھر میں دھوپ بچھائی

دیواروں پر سبزہ ڈالا

پھولوں پتوں سے اپنی چوکھٹ رنگوائی

موسم آئے

موسم بیتے

سورج نکلا دھوپ کھلی

پھر دھوپ چڑھی پھر اور چڑھی

پھر شام ہوئی

پھر گہری کالی رات ہوئی

مزید غزلیں از فرحت احساس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں