پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحان خان کی غزلیں — Farhan Khan Ghazals

فرحان خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوچہ کوچہ بھٹک رہا ہوں میں (غزل)

کوچہ کوچہ بھٹک رہا ہوں میں

آسمانوں کو تک رہا ہوں میں

جبکہ وعدہ ہے مشک و عنبر کا

روٹیاں کیوں لپک رہا ہوں میں

اس مقرر پہ میرا سایہ ہے

گفتگو میں جھلک رہا ہوں میں

اس نے پوچھا ہے خط میں حال مرا

فطرتاً پھر جھجھک رہا ہوں میں

دشت میں چار دن گزارے ہیں

جگنوؤں سا دمک رہا ہوں میں

کون پوچھے گا مجھ کو میرے بعد

کس کی خاطر یہ تھک رہا ہوں میں

یہ جو میں مسکرا کے ملتا ہوں

اپنے گریہ کو ڈھک رہا ہوں میں

داغؔ کہتے تھے کیا غزل پیاری

اور مصرعوں میں بک رہا ہوں میں

یہ دنیا جب رعایت مانگتی ہے (غزل)

یہ دنیا جب رعایت مانگتی ہے

ہر اک تحفے کی قیمت مانگتی ہے

تمہیں جلدی پڑی ہے شاہزادی

محبت ایک مدت مانگتی ہے

بلا اسباب خوشیاں چاہتا ہوں

مگر تسکین رشوت مانگتی ہے

پگھل کے آ رہی ہے برف نیچے

یہ بستی اب اجازت مانگتی ہے

اٹھو مایوسیوں کے پر ٹٹولو

کوئی پرواز شفقت مانگتی ہے

حکومت خود نہیں چلتی ہے لیکن

چلانے کی لیاقت مانگتی ہے

کساؤ روح پر کرتے ہی رہیے

وگرنہ یہ فضیلت مانگتی ہے

غزل کیسی بھی تم فرحانؔ کہہ دو

بالآخر یہ سماعت مانگتی ہے

میں قمری مہینے کے آخری ایام میں (نظم)

میں قمری مہینے کے آخری ایام میں

چودھویں کے چاند پر

ایک نظم لکھوں گا

اور نظم میں لکھوں گا

کہ کس طرح ایک نوزائیدہ چاند

بڑھتے بڑھتے

چودھویں کا چاند ہو جاتا ہے

نظم کے لکھے جانے سے

کوئی نیا چاند یقیناً

وقت سے پہلے نہیں نکلے گا

وہ اپنی صدیوں پرانی روایت کا پاسبان ہے

وہ میری نظم کی خاطر

اپنی روایت نہیں توڑے گا

لیکن

میں پھر بھی نظم لکھوں گا

کہ لوگ

انہی آخری ایام کے اندھیرے سے ڈرنے نہ لگیں

اور اس اندھیرے کو

اپنا دائمی مقدر نہ مان لیں

کہ لوگ گھبرا جاتے ہیں

آج کے مناظر سے

میں لکھوں گا اور اس طرح لکھوں گا

کہ وہ جنہوں نے چودھویں کے چاند کو دیکھا ہے

وہ اس کے استقبالیہ نغمے گانے لگیں

اس کے خیر مقدم میں پلکیں بچھا دیں

اور جنہوں نے چودھویں کے چاند کو نہیں دیکھا

اور پیدا ہوئے ہیں گزشتہ چودہ پندرہ ایام میں

یا کہ بس قصہ سنے ہیں بوڑھوں سے

وہ اس کے تجسس میں خوشی سے کودنے پھاندنے لگیں

میں لکھوں گا

وہ نظم کہ جس کو سن کر لوگ

یہ آخری سیاہ ایام بھی خوشی سے گزار دیں

اور ان کی یہ خوشی دیکھ کر

تمام تاریکی پر گھپ اندھیرا چھا جائے

اتنا اندھیرا کہ ایک نوزائدہ چاند پھر

میری نظم سننے کے لیے نکل آئے

مزید غزلیں از فرحان خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں