فرحان خان فرحان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آؤ آنکھوں سے یہ پر کیف نظارے لے لو (غزل)
آؤ آنکھوں سے یہ پر کیف نظارے لے لو
جگمگاتے ہوئے خوابوں کے ستارے لے لو
تم بھی کیا یاد کرو گے کہ ملا تھا کوئی
تم کو جو چیز ہو پیاری مرے پیارے لے لو
زندگی تم نے تلاطم میں گزاری لیکن
اب یہ کشتی چلو دریا کے کنارے لے لو
حلقہ زن درد کی زنجیر ہوئی جاتی ہے
آؤ چپکے سے کبھی درد یہ سارے لے لو
پاس رہنے دو یہ لمحات سکوں بخش مرے
وقت فرحانؔ جو بے چین گزارے لے لو
بیشتر رنجشیں سر بہ سر رنجشیں (غزل)
بیشتر رنجشیں سر بہ سر رنجشیں
کس کو کتنی ہوئیں کیا خبر رنجشیں
حال بھی آپ اب کہتے سنتے نہیں
کر گئیں آپ کے دل میں گھر رنجشیں
ہنس کے ملتے ہیں بس فائدے کے لیے
لوگ سینوں میں بھی پال کر رنجشیں
اب محبت پہ ویسا بھروسہ کہاں
ہو گئی ہیں بہت معتبر رنجشیں
آج خوشیاں خریدی ہیں گھر کے لیے
فائدے میں رہے بیچ کر رنجشیں
جب کہ فرحانؔ الفت ہے آساں بہت
لوگ رکھتے ہیں کیوں اس قدر رنجشیں
ایک دن ساحل سمندر پر (نظم)
ایک دن ساحل سمندر پر
چل رہا تھا میں بس یوں ہی تنہا
دل میں طوفان اس کی یادوں کا
اشک آنکھوں سے میرے جاری تھا
اک سمندر زمیں کے سینے میں
دوسرا وہ جو میرے دل میں تھا