فرحان حنیف وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود اپنی ذات کے شہ پر میں ہوں میں (غزل)
خود اپنی ذات کے شہ پر میں ہوں میں
کبھی مرکز کبھی محور میں ہوں میں
ابھی مجھ میں بہت ہمت ہے لیکن
کسی ہارے ہوئے لشکر میں ہوں میں
بہادر ہے اماں سڑکوں پہ لیکن
ڈرا سہما ہوا سا گھر میں ہوں میں
یقیں ساحل پہ ہونے کا تو ہوگا
ابھی تشکیک کے ساگر میں ہوں میں
وہ آنکھوں سے اتر آیا ہے دل میں
اسی منظر کے پس منظر میں ہوں میں
اگر ہے تاج چاہت کی علامت
تو اس کے ایک اک پتھر میں ہوں میں
ہر ایک سے بیزار وہ اپنے میں مگن ہے (غزل)
ہر ایک سے بیزار وہ اپنے میں مگن ہے
شاید اسے چہروں کو پرکھ لینے کا فن ہے
ہونے سے نہ ہونے کے سفر میں ہیں سبھی گم
حالانکہ ہر اک چہرے پہ صدیوں کی تھکن ہے
اس شہر کی محدود مزاجی کا اثر دیکھ
گو ذہن کشادہ ہیں دلوں میں تو گھٹن ہے
الفاظ لب و گیسؤو رخسار ہیں اس کے
غزلوں کی قباؤں میں چھپا پھول بدن ہے
ہاں میں نے کبھی خواب میں دیکھی تھی وہ دنیا
فرحانؔ مگر اب تلک آنکھوں میں جلن ہے