فرحان عالم قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دعا میں یہ اثر آئے کسی دن (غزل)
دعا میں یہ اثر آئے کسی دن
نجف کی خاک مل جائے کسی دن
بدن میں اس لئے بھی رہ رہے ہیں
نہ جانے کب وہ لوٹ آئے کسی دن
خدا سے بس یہی اک التجا ہے
تجھے تجھ سا ہی ملوائے کسی دن
مری خاطر دعا اتنی سی کرنا
مرا محبوب لوٹ آئے کسی دن
محبت میں کبھی یہ معجزہ ہو
مقام دار آ جائے کسی دن
ہمارے آنسوؤں پر ہنس رہے ہو
تمہیں بھی کوئی تڑپائے کسی دن
تمہاری آنکھ سے آنسو بہیں گے
اگر فرحانؔ مر جائے کسی دن
ہمارے صبر کا پھل جب ملے گا (غزل)
ہمارے صبر کا پھل جب ملے گا
سکون اس دل کو جاکر تب ملے گا
ابھی میں ہوں تو مجھ میں ڈوب جاؤ
نہ جانے پھر یہ موقع کب ملے گا
میں راہ معرفت پر چل رہا ہوں
اسی رستے پہ مجھ کو رب ملے گا
مرا حجرہ ہی میری کہکشاں ہے
یہیں وہ ماہ رو ہر شب ملے گا
تمنا کو سکوں ہوگا میسر
جب ان کے لب سے جاکر لب ملے گا
اسی کی آرزو میں کو بہ کو ہیں
کسی دن تو کسی کو شب ملے گا
کھلے گی آپ کی فطرت بھی قبلہ
کبھی جو آپ کو منصب ملے گا
یہ آنسو رکھ لیے ہیں اس کی خاطر
ملے گا جب بھی تشنہ لب ملے گا
کسی محفل کسی دنیا میں جاؤ
ہر اک جا عشق کا کرتب ملے گا
یہی دستور ہے دنیا کا قیصرؔ
وفا کو چھوڑ باقی سب ملے گا