فرہاد احمد فگار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک مدت سے رخ یار نہیں دیکھا ہے (غزل)
ایک مدت سے رخ یار نہیں دیکھا ہے
نفرتیں دیکھیں مگر پیار نہیں دیکھا ہے
درد اور غم کا جو درمان بھی لے کر آئے
میں نے ایسا کوئی غم خوار نہیں دیکھا ہے
نظر آتے ہیں پجاری تو بہت دولت کے
کوئی الفت کا طلب گار نہیں دیکھا ہے
وہ جو مزدور بناتے ہیں محل اوروں کے
ان کا اپنا کوئی گھر بار نہیں دیکھا ہے
قتل و غارت ہے بپا کیسی مرے شہروں میں
یوں کبھی خون کا بازار نہیں دیکھا ہے
دیکھ تو کیا کمال رکھتی ہیں (غزل)
دیکھ تو کیا کمال رکھتی ہیں
تیری آنکھیں سوال رکھتی ہیں
چلی آتی ہیں میری خلوت میں
یادیں کتنا خیال رکھتی ہیں
سامنے جس قدر بھی مشکل ہو
سب دعائیں سنبھال رکھتی ہیں
عشق میں ہیں صعوبتیں ایسی
مجھ کو ہر پل نڈھال رکھتی ہیں
شوخ چنچل ادائیں بھی تیری
آپ اپنی مثال رکھتی ہیں
تجھ سے یہ دوریاں فگارؔ اکثر
میرا جینا محال رکھتی ہیں
مزید غزلیں از فرہاد احمد فگار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں