فرید پربتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سکندر ہوں تلاش آب حیواں روز کرتا ہوں (غزل)
سکندر ہوں تلاش آب حیواں روز کرتا ہوں
ابھی نقش و نگار زندگی میں رنگ بھرتا ہوں
لگا کر سب لہو آخر ہوئے داخل شہیدوں میں
میں اپنی لاش رستے سے ہٹانے تک سے ڈرتا ہوں
پرائی آگ گر ہوتی تو کب کی جل بجھی ہوتی
میں ہنستے کھیلتے موج حوادث سے گزرتا ہوں
یقیناً موت کے ہر عکس پر وہ خاک ڈالے گا
دعا سے جس کی میں اب تک نہ جیتا ہوں نہ مرتا ہوں
کبھی میری طلب کچے گھڑے پر پار اترتی ہے
کبھی محفوظ کشتی میں سفر کرنے سے ڈرتا ہوں
تمہارا اذن ہو حاصل تو دریا راستہ دیں گے
جہاں فرعون ڈوبا تھا وہیں پہ پار اترا ہوں
فریدؔ اس کی طلب مجھ کو جھانکتی ہے کیوں اکثر
وہ چہرہ جس کی چاہت میں میں کیا کیا کر گزرتا ہوں
کسی پہ کرنا نہیں اعتبار میری طرح (غزل)
کسی پہ کرنا نہیں اعتبار میری طرح
لٹا کے بیٹھو گے صبر و قرار میری طرح
ابھی تو ہوتی ہیں سرگوشیاں پس دیوار
ابھی نہ کرنا ستارے شمار میری طرح
بگولہ بن کے اڑا خواہشوں کے صحرا میں
ٹھہر گیا تو فقط تھا غبار میری طرح
انہیں کے سایوں میں اب سر جھکا کے چلتا ہے
اگا گیا تھا جو سرو و خیار میری طرح