پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرید جاوید کی غزلیں — Fareed Javed Ghazals

فرید جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ناشگفتہ کلیوں میں شوق ہے تبسم کا (غزل)

ناشگفتہ کلیوں میں شوق ہے تبسم کا

بار سہہ نہیں سکتیں دیر تک تلاطم کا

جانے کتنی فریادیں ڈھل رہی ہیں نغموں میں

چھڑ رہی ہے دکھ کی بات نام ہے ترنم کا

کتنے بے کراں دریا پار کر لیے ہم نے

موج موج میں جن کی زور تھا تلاطم کا

اے خیال کی کلیو اور مسکرا لیتیں

کچھ ابھی تو آیا تھا رنگ سا تبسم کا

گفتگو کسی سے ہو تیرا دھیان رہتا ہے

ٹوٹ ٹوٹ جاتا ہے سلسلہ تکلم کا

حسرت و محبت سے دیکھتے رہو جاویدؔ

ہاتھ آ نہیں سکتا حسن ماہ و انجم کا

ساز دے کے تاروں کو چھیڑ تو دیا تم نے (غزل)

ساز دے کے تاروں کو چھیڑ تو دیا تم نے

ساز دل کے تاروں کی بات بھی سنی ہوتی

ہم جو شعلۂ جاں کی لو نہ تیز کر دیتے

آج غم کی راہوں میں کتنی تیرگی ہوتی

ان سے چھیڑ دیتے ہم رنگ و نور کی باتیں

داستان شوق اپنی خود ہی چھڑ گئی ہوتی

شکوۂ کرم کیوں ہے وہ اگر کرم کرتے

اور بھی محبت کی پیاس بڑھ گئی ہوتی

اہل دل وہاں سے بھی نغمہ زن گزر آئے

لے جہاں محبت کی ٹوٹ ہی گئی ہوتی