فراز سلطانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نکل کے گھر سے اور میداں میں آ کے (غزل)
نکل کے گھر سے اور میداں میں آ کے
ذرا کچھ دیکھیے تیور ہوا کے
کوئی زندہ رہا ہے کب جہاں میں
چراغ دل کو اپنے خود بجھا کے
ہماری خامشی بھی اک نوا تھی
ملے کب سننے والے ہیں نوا کے
پشیماں ایک مدت تک رہا ہے
کوئی در سے مجھے اپنے اٹھا کے
یہ دل ہے دل اسے سینے میں ہرگز
کبھی رکھنا نہ تم پتھر بنا کے
فرازؔ اکثر رہا کرتا ہے تنہا
اندھیرے میں چراغ دل جلا کے
اشک غم آنکھوں نے برسایا بہت (غزل)
اشک غم آنکھوں نے برسایا بہت
جانے کیوں ان کا خیال آیا بہت
اس کو دیں ہم نے دعائیں بارہا
زندگی میں جس نے تڑپایا بہت
جس کو اپنا دل سمجھتے تھے اسے
اپنا کم اور آپ کا پایا بہت
بن کے راز زندگی دل میں رہے
زندگی میں پھر بھی ترسایا بہت
دولت و حشمت پہ نازاں ہو کوئی
ہے ہمیں تو دل کا سرمایا بہت
دھوپ کی سختی تو تھی لیکن فرازؔ
زندگی میں پھر بھی تھا سایہ بہت
مزید غزلیں از فراز سلطانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں