پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرید عرش کی غزلیں — Fareed Arsh Ghazals

فرید عرش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھا تجھے تو مٹ گیا ہر نقش ماسوا (غزل)

دیکھا تجھے تو مٹ گیا ہر نقش ماسوا

بس اک ترا جمال ہی آنکھوں میں رہ گیا

پابند لب رہا نہ کبھی اپنا مدعا

لب سل گئے جہاں بھی تو دل بولنے لگا

سوزن بہ لب کوئی ہے کوئی سرمہ در گلو

یارب مغنیان چمن کو یہ کیا ہوا

دن بھر رہا ہے حبس مگر میں نے جس گھڑی

روشن کیے چراغ تو چلنے لگی ہوا

موج خیال کا بھی گزر اب محال ہے

وہ اس طرح جدائی کی دیوار چن گیا

اس حکم پر کہ دل میں بہاروں کا عکس ہو

ہر زخم پھول بن گیا ہر داغ آئنہ

چلنے کو کتنے لوگ چلے کارواں کے ساتھ

مڑ کر جو میں نے دیکھا کوئی ہم سفر نہ تھا

دست ہوس نے دولت احساس لوٹ لی

یہ حادثہ بھی عرشؔ ہمیں دیکھنا پڑا

مزید غزلیں از فرید عرش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں