پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فراز محمود فارز کی غزلیں — Faraz Mahmood Fariz Ghazals

فراز محمود فارز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صدائے کن سے بھی پہلے کسی جہان میں تھے (غزل)

صدائے کن سے بھی پہلے کسی جہان میں تھے

وجود میں نہ سہی ہم خدا کے دھیان میں تھے

وے کتنے خوش تھے جو کچھ بھی نہ جانتے تھے مگر

جو جانتے تھے وے ہر دم اک امتحان میں تھے

کسی کو حق کی طلب تھی کوئی مجاز پہ تھا

اور ایک ہم تھے کہ دونوں کے درمیان میں تھے

حقیقتوں میں اترنے سے تھوڑا پہلے بھی

جناب آپ مرے خانۂ گمان میں تھے

مجھے تو رستہ بدلنے میں خوف آتا تھا

مگر وہ حوصلے جو میرے رفتگان میں تھے

وفا کریں گے اگر ہم وفا ملے گی ہمیں

فرازؔ پہلے پہل ہم بھی اس گمان میں تھے

تو مجھے ایک جھلک بھی نہیں دکھلانی کیا (غزل)

تو مجھے ایک جھلک بھی نہیں دکھلانی کیا

صرف موسیٰ پہ عنایت تھی یہ فرمانی کیا

میں کسی شخص کے مرنے پہ بھی غمگین نہیں

خاک اگر خاک میں ملتی ہے تو حیرانی کیا

خط میں لکھتے ہو بہت دکھ ہے تمہیں ہجرت کا

یار جب جا ہی چکے ہو تو پشیمانی کیا

میری آنکھوں میں ذرا غور سے دیکھ اور بتا

ان سے بڑھ کر ہے بھلا دشت کی ویرانی کیا

نہ غم یار ہے مجھ کو نہ غم دوراں ہے

آخر اب زیست میں بھی اس قدر آسانی کیا

میری مٹی میں الگ شے ہے کوئی کوزہ گر

وقت تجسیم مری خاک نہیں چھانی کیا

مزید غزلیں از فراز محمود فارز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں