فرح رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موسم کا حال آنکھ کی کھڑکی بتائے گی (غزل)
موسم کا حال آنکھ کی کھڑکی بتائے گی
دن ڈھل گیا ہے شام کی سرخی بتائے گی
مرجھا گئے جو شاخ اجل پر کھلے گلاب
رس اڑ گیا ہے سانس کی تتلی بتائے گی
آنکھوں پہ اعتبار نہ کر فاصلہ تو دیکھ
دریا کے پار کیا ہے یہ کشتی بتائے گی
دیوار پر شبیہ بنائیں گی انگلیاں
کم روشنی فریب کو پنچھی بتائے گی
لا حاصلی کی سان پہ ازلوں کے ماجرے
صدیوں کی داستان بھی چٹکی بتائے گی
اپنی ہنسی کو حال کا پیمانہ کیجئے
جتنی خوشی ہے ناپ کے اتنی بتائے گی
حسرت کے داغ دست طلب سے نہیں دھلے (غزل)
حسرت کے داغ دست طلب سے نہیں دھلے
بھاری تھے خواب آنکھ سے پورے نہیں تلے
چکر بندھا تھا پاؤں میں قسمت کے پھیر کا
گرد سفر کے بند ابھی تک نہیں کھلے
اشکوں کے ذائقے میں نمک رہ گیا ہے کم
رنج و ملال ٹھیک طرح سے نہیں گھلے
سوئے رہیں ہیں محل تمنا ہزار سال
شہزادیوں کے بخت جبھی تو نہیں کھلے
روحیں بدن کا ساتھ نبھانے میں تھک رہیں
یعنی کہ ہست و بود برابر نہیں رلے