پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرح شاہد کی غزلیں — Farah Shahid Ghazals

فرح شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پچھلے برس تم ساتھ تھے میرے اور دسمبر تھا (غزل)

پچھلے برس تم ساتھ تھے میرے اور دسمبر تھا

مہکے ہوئے دن رات تھے میرے اور دسمبر تھا

چاندنی رات تھی سرد ہوا سے کھڑکی بجتی تھی

ان ہاتھوں میں ہاتھ تھے میرے اور دسمبر تھا

بارش کی بوندوں سے دل پہ دستک ہوتی تھی

سب موسم برسات تھے میرے اور دسمبر تھا

بھیگی زلفیں بھیگا آنچل نیند تھی آنکھوں میں

کچھ ایسے حالات تھے میرے اور دسمبر تھا

دھیرے دھیرے بھڑک رہی تھی آتش دان کی آگ

بہکے ہوئے جذبات تھے میرے اور دسمبر تھا

پیار بھری نظروں سے فرحؔ جب اس نے دیکھا تھا

بس وہ ہی لمحات تھے میرے اور دسمبر تھا

چاہے جتنا ساتھ نبھا لو پھر بھی بچھڑنا پڑتا ہے (غزل)

چاہے جتنا ساتھ نبھا لو پھر بھی بچھڑنا پڑتا ہے

زہر جدائی رو کر یا پھر ہنس کر پینا پڑتا ہے

دشمن پر یہ جان نچھاور کرنی بھی پڑ سکتی ہے

بعض اوقات تو اپنی جاں کا دشمن ہونا پڑتا ہے

جانے والے کب رکتے ہیں رک بھی جائیں تو کب تک

جو جو دنیا میں آتا ہے اس کو جانا پڑتا ہے

دو دھاری تلوار ہے دنیا تیز ہیں اس کے دونوں رخ

اشک چھپا کر رونا مشکل لیکن رونا پڑتا ہے

کتنے روگ محبت والے لوگوں کو کھا جاتے ہیں

دکھ جیون کا ساتھی ہے جو سب کو سہنا پڑتا ہے

ایک محبت کا جذبہ جو لفظوں کا محتاج نہیں

لیکن پھر بھی کبھی کبھی یہ لفظ بھی کہنا پڑتا ہے

وہ ظالم (نظم)

وہ ظالم

جو کسی کا ظلم سہتا ہے

کہ وہ ظالم

جو اس پر ظلم کرتا ہے

کسی مظلوم پر لاٹھی چلاتا ہے

وہ جو فرعون بن کر خود کو اس مظلوم کا آقا بتاتا ہے

خدا ہونے کا دعویٰ ہی نہیں کرتا

خدائی کی حدوں کو چھو کے آتا ہے

کسی بے پیرہن کو سڑکوں پہ لاتا ہے

نمائش کر کے لوگوں کو تماشا بھی دکھاتا ہے

پھر اس پر فخر کرتا ہے

فقط وہ ہی نہیں ظالم

تماشا جو بنا ہے وہ بھی ظالم ہے

تماشائی بھی ظالم ہیں

یہ جو بیمار سوچیں سوچنے والوں کا ٹولا ہے

یہ ظالم ہے

کسی مظلوم کے جو ارد گرد ایسے کھڑے

تصویر کھنچواتا ہے ظالم ہے

نمائش ہو رہی ہوتی ہے سسکی کی

کسی کی آخری ہچکی جو اپنے کیمرے میں

قید کرتا ہے

جہاں بھر کو دکھاتا ہے

وہ ظالم ہے

بڑا سستا طریقہ ہے ہمارا بھی

بہا کر اشک جو ہمدردیاں ہم نے سمیٹی ہیں

انہی ہمدردیوں کی کرچیاں روحوں میں

چبھتی ہیں

صدا اندر سے آتی ہے

تماشا کرنے والا تو چلو ظالم

مزید غزلیں از فرح شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں