فرح خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے سوا تو نظر میں کوئی جچا ہی نہیں (غزل)
ترے سوا تو نظر میں کوئی جچا ہی نہیں
یہ مسئلہ تو مگر تجھ کو دکھ رہا ہی نہیں
وہ دل کی بات نگاہوں سے جان سکتا تھا
وہ جلدباز مگر ان میں جھانکتا ہی نہیں
لکیر کھینچ کے نقشہ غلط کیا میں نے
کہ میرا ہاتھ کسی کی طلب رہا ہی نہیں
سمے کی جھیل نے پانی ترائی پر پھینکا
وہ شہ سوار مگر اس طرف گیا ہی نہیں
مہیب راستے ہم کو کہاں ڈرا سکتے
وفا کی راہ پہ کوئی ہمیں ملا ہی نہیں
میں سٹپٹا کے رضائی میں منہ چھپاتی ہوں
تمہارا ہجر تو کمرے سے جا رہا ہی نہیں
اسے تلاش کیا ہے فرح بہت میں نے
وہ ایک شخص جو مل کر بھی مل سکا ہی نہیں
اک عشق تھا جو ہم سے دوبارہ نہیں ہوا (غزل)
اک عشق تھا جو ہم سے دوبارہ نہیں ہوا
کیا کیا وگرنہ دل کو خسارہ نہیں ہوا
اک لفظ جس کے عجز میں اظہار دم بخود
اک نام میری آنکھ کا تارہ نہیں ہوا
وہ خواب بن کے آنکھ سے پھوٹا تو ہے مگر
اک اشک بن گیا ہے شرارہ نہیں ہوا
ہم کوزہ گر کے ہاتھ میں بھی جڑ نہیں سکے
اس بھر بھری سی خاک کا گارا نہیں ہوا
خود اعتماد شخص تھا بے اعتماد بھی
اپنا نہ بن سکا تو ہمارا نہیں ہوا
شوریدگی کے عارضے تک آ گیا فرحؔ
اک بوجھ جو کہ دل سے اتارا نہیں ہوا