فرح اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمانہ جھک گیا ہوتا اگر لہجہ بدل لیتے (غزل)
زمانہ جھک گیا ہوتا اگر لہجہ بدل لیتے
مگر منزل نہیں ملتی اگر رستہ بدل لیتے
بہت تازہ ہوا آتی بہت سے پھول کھل جاتے
مکان دل کا تم اپنے اگر نقشہ بدل لیتے
خطا تم سے ہوئی آخر تمہارا کیا بگڑ جاتا
یہ بازی بھی تمہاری تھی اگر مہرہ بدل لیتے
ابھی تو آئنہ سے ہے مسلسل دوستی اپنی
شناسائی کہاں رہتی اگر چہرہ بدل لیتے
مرے حرفوں کے یہ موتی مرے ہاتھوں بکھر جاتے
غبار بے یقینی میں اگر رستہ بدل لیتے
فلک کے اس کنارے کا وہ لمحہ ہم کو مل جاتا
ملا تھا ایک ہی لمحہ اگر لمحہ بدل لیتے
بہت بے رنگ چہروں پر بہت سے رنگ آ جاتے
کسی اچھے فسانے سے اگر قصہ بدل لیتے
اسی خواہش کے دامن میں وہی سکے کھنک اٹھتے
صدا تبدیل کر لیتے اگر کاسہ بدل لیتے
ذرا سی رات ڈھل جائے تو شاید نیند آ جائے (غزل)
ذرا سی رات ڈھل جائے تو شاید نیند آ جائے
ذرا سا دل بہل جائے تو شاید نیند آ جائے
ابھی تو کرب ہے بے چینیاں ہیں بے قراری ہے
طبیعت کچھ سنبھل جائے تو شاید نیند آ جائے
ہوا کے نرم جھونکوں نے جگایا تیری یادوں کو
ہوا کا رخ بدل جائے تو شاید نیند آ جائے
یہ طوفاں آنسوؤں کا جو امڈ آیا ہے پلکوں تک
کسی صورت یہ ٹل جائے تو شاید نیند آ جائے
یہ ہنستا مسکراتا قافلہ جو چاند تاروں کا
فرحؔ آگے نکل جائے تو شاید نیند آ جائے