فراغ روہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوب نبھے گی ہم دونوں میں میرے جیسا تو بھی ہے (غزل)
خوب نبھے گی ہم دونوں میں میرے جیسا تو بھی ہے
تھوڑا جھوٹا میں بھی ٹھہرا تھوڑا جھوٹا تو بھی ہے
جنگ انا کی ہار ہی جانا بہتر ہے اب لڑنے سے
میں بھی ہوں ٹوٹا ٹوٹا سا بکھرا بکھرا تو بھی ہے
جانے کس نے ڈر بویا ہے ہم دونوں کی راہوں میں
میں بھی ہوں کچھ خوف زدہ سا سہما سہما تو بھی ہے
اک مدت سے فاصلہ قائم صرف ہمارے بیچ ہی کیوں
سب سے ملتا رہتا ہوں میں سب سے ملتا تو بھی ہے
اپنے اپنے دل کے اندر سمٹے ہوئے ہیں ہم دونوں
گم صم گم صم میں بھی بہت ہوں کھویا کھویا تو بھی ہے
ہم دونوں تجدید رفاقت کر لیتے تو اچھا تھا
دیکھ اکیلا میں ہی نہیں ہوں تنہا تنہا تو بھی ہے
حد سے فراغؔ آگے جا نکلے دونوں انا کی راہوں پر
صرف پشیماں میں ہی نہیں ہوں کچھ شرمندہ تو بھی ہے
دیکھا جو آئینہ تو مجھے سوچنا پڑا (غزل)
دیکھا جو آئینہ تو مجھے سوچنا پڑا
خود سے نہ مل سکا تو مجھے سوچنا پڑا
اس کا جو خط ملا تو مجھے سوچنا پڑا
اپنا سا وہ لگا تو مجھے سوچنا پڑا
مجھ کو تھا یہ گماں کہ مجھی میں ہے اک انا
دیکھی تری انا تو مجھے سوچنا پڑا
دنیا سمجھ رہی تھی کہ ناراض مجھ سے ہے
لیکن وہ جب ملا تو مجھے سوچنا پڑا
سر کو چھپاؤں اپنے کہ پیروں کو ڈھانپ لوں
چھوٹی سی تھی ردا تو مجھے سوچنا پڑا
اک دن وہ میرے عیب گنانے لگا فراغؔ
جب خود ہی تھک گیا تو مجھے سوچنا پڑا
اسکول کے ہمارے (نظم)
اسکول کے ہمارے
استاد پیارے پیارے
ہم کو پڑھا رہے ہیں
انساں بنا رہے ہیں
کیا کیا نہیں سکھایا
یوں حوصلہ بڑھایا
بات ان سنی بتائی
دنیا نئی دکھائی
کی دور ہر برائی
تہذیب بھی سکھائی
کرنا نہیں لڑائی
ہوتی ہے جگ ہنسائی
ہوتے ہیں باپ سایہ
ان سے یہ درس پایا
تعلیم کا اثر ہے
اونچا ہمارا سر ہے
ان کا جو یہ عمل ہے
احسان بے بدل ہے
ان کی کریں گے عزت
پاتے رہیں گے شفقت
خوبی فراغؔ نے بھی
استاد کی بیاں کی