پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فراز عارف کی غزلیں — Faraaz Arif Ghazals

فراز عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارا غم ہی تو جینے کا اک بہانہ ہے (غزل)

تمہارا غم ہی تو جینے کا اک بہانہ ہے

اسی چراغ سے روشن غریب خانہ ہے

مرے قدم تو کناروں سے بیر رکھتے ہیں

مرا تو عزم سمندر کے پار جانا ہے

ترے خیال کے زانو پہ رکھ رہا ہوں سر

تھکن سے چور بدن کو سکون پانا ہے

یہی سوال ہواؤں سے پوچھتا ہوں میں

سفر کہاں کا ہے کس کا دیا بجھانا ہے

ہے اور بات کہ اٹھتا نہیں دھواں ورنہ

دلوں کا آگ سے رشتہ بہت پرانا ہے

یہ مصلحت ہے میاں سب کو سب نہیں ملتا

کہیں سند ہے کہیں علم کا خزانہ ہے

مرے شعور نے شاعر بنا دیا مجھ کو

فرازؔ ورنہ کسے خون دل جلانا ہے

قول سے اپنے جب وہ مکر جائے گا (غزل)

قول سے اپنے جب وہ مکر جائے گا

میری نظروں سے پھر وہ اتر جائے گا

تیری خوشبو سے پہچان لوں گا تجھے

میری نظروں سے بچ کر کدھر جائے گا

گر نہ توڑیں گے ہم اب بھی یہ خامشی

ظلم اپنی حدوں سے گزر جائے گا

تو نہ مانگے گا اپنے خدا سے اگر

ٹھوکریں کھائے گا دربدر جائے گا

زخم جو دوستوں نے دئے ہیں مجھے

وقت کے ساتھ ہر زخم بھر جائے گا

غم کو ہے انسیت تجھ سے اتنی فرازؔ

وہ ادھر آئے گا تو جدھر جائے گا

چلو آؤ مل جل کے بیٹھیں ذرا ہم (نظم)

چلو آؤ مل جل کے بیٹھیں ذرا ہم

ہے کیوں اتنی نفرت یہ سوچیں ذرا ہم

نہ گیتا میں لکھا نہ قرآن میں ہے

مگر کیسی فطرت یہ انسان میں ہے

ہمیں تلخیوں کو بھلانا ہی ہوگا

علم الفتوں کا اٹھانا ہی ہوگا

محبت کے دو بول بولیں ذرا ہم

سبب کیا ہے انساں بنا جو درندہ

ڈرا اور سہما ہے کیوں ہر پرندہ

ہوا ہم پہ حاوی یہ شیطان کیوں کر

تباہی کے ہر سو ہیں امکان کیوں کر

بدل کر روش اپنی دیکھیں ذرا ہم

چمن ورنہ ویران ہو جائے گا پھر

بہاروں کا موسم نہ آ پائے گا پھر

بلکتی رہیں گی یہ مائیں ہمیشہ

سلگتی رہیں گی چتائیں ہمیشہ

یہ نفرت کی آندھی کو روکیں ذرا ہم

نہ شعلے بجھیں گے نہ آندھی رکے گی

زمیں زخم اتنے بھی کیسے سہے گی

سبب ہم سے پوچھیں گی نسلیں ہماری

جواباً جھکیں گی یہ نظریں ہماری

یہی سوچ کر لب یہ کھولیں ذرا ہم

یہ سوچیں ذرا ہم

مزید غزلیں از فراز عارف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں