پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فخر الدین حاذق کی غزلیں — Fakhruddin Haziq Ghazals

فخر الدین حاذق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آتش غم سے شب غم قلب مضطر جل گیا (غزل)

آتش غم سے شب غم قلب مضطر جل گیا

جس میں ارماں آپ کے رہتے تھے وہ گھر جل گیا

جل گیا غم ہوتے ہی پیدا دل پر سوز میں

ہے یہ وہ آتش کدہ جس میں سمندر جل گیا

آتش غم نے جلا کر دل جگر کی لی خبر

تیرے گھر کے ساتھ ہمسایہ کا گھر بھی جل گیا

اس لب معجز نما کا وصف سن کر بزم میں

منکر اعجاز سلطان پیمبر جل گیا

کیوں نہ مضموں اس لب رنگیں کے حاذقؔ لا سکا

طائر فکر رسا کا کیا کوئی پر جل گیا

عیسیٰ سے بھی اب اس کا مداوا نہیں ہوتا (غزل)

عیسیٰ سے بھی اب اس کا مداوا نہیں ہوتا

بیمار ترے عشق کا اچھا نہیں ہوتا

کم بخت دل اپنا بھی تو اپنا نہیں ہوتا

سچ ہے کوئی مشکل میں کسی کا نہیں ہوتا

آتے ہوئے دل میں مرے شرماتے ہو صاحب

دشمن سے تو محفل میں بھی پردہ نہیں ہوتا

کب پاؤں میں مہندی نہیں لگتی شب وعدہ

کب دل میں مرے خون تمنا نہیں ہوتا

پار اس سے اترتے نہیں دیکھا ہے کسی کو

دریائے محبت کا کنارا نہیں ہوتا

تم اس کو اگر شربت دیدار نہ دیتے

بیمار تمہارا کبھی اچھا نہیں ہوتا

وہ وعدے عدو کے ہیں کہ ہوتے ہیں وفا سب

یہ وعدہ ہمارا ہے کہ پورا نہیں ہوتا

کہتے ہیں شب وصل نہ بولے کوئی ہم سے

لو آج بھی منشا مرے دل کا نہیں ہوتا

آتی نہ نظر ان میں اگر شان خدائی

حاذقؔ تو بتوں کا کبھی شیدا نہیں ہوتا

مزید غزلیں از فخر الدین حاذق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں