پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فخرالدین غوری فیض کی غزلیں — Fakhruddin Ghauri Faiz Ghazals

فخرالدین غوری فیض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دنیا سنگ دل اور بے وفا ہے (غزل)

یہ دنیا سنگ دل اور بے وفا ہے

بھلا اس نے کسی کو کیا دیا ہے

خدا ہی ہے نگہباں اب ہمارا

یہاں ہر گام پر فتنہ بپا ہے

نتیجہ حشر میں اس کا ملے گا

جہاں میں جس نے جو کچھ بھی کیا ہے

نبھاؤ وعدہ وہ روز ازل کا

یہ موقع عمر بھر کا جو ملا ہے

کرو دنیا میں تم احسان سب پر

یہی تاریک راتوں کا دیا ہے

صلہ محنت کا ملتا ہے جہاں میں

سوا اس کے یہاں پر کیا ملا ہے

وہی مقبول ہے درگاہ رب میں

عمل وہ نیک جو تو نے کیا ہے

تری یہ جانفشانی مرد مومن

حصول خیر کا بہتر صلہ ہے

صلہ یہ ہے خلوص دل کا بے شک

سکوں سے فیضؔ اب تک جی رہا ہے

مجھ کو ماضی کا سہانا سا زمانہ یاد ہے (غزل)

مجھ کو ماضی کا سہانا سا زمانہ یاد ہے

دوستوں سے رات دن ملنا ملانا یاد ہے

باہمی وہ گفتگو وہ قہقہے سرگوشیاں

محفلوں میں بیٹھ کر ہنسنا ہنسانا یاد ہے

لالہ و گل پر طواف عشق کرتی تتلیاں

اور غنچوں کا مہکنا لہلہانا یاد ہے

نکہت گل سے معطر وہ بہار گلستاں

وہ حسیں انداز سے دل کا لبھانا یاد ہے

صبح دم چلنا نزاکت سے نسیم صبح کا

اور چڑیوں کا اسی دم چہچہانا یاد ہے

وہ نشانے پر کسی کو تاکنا صیاد کا

دفعتاً چڑیوں کا مل کر غل مچانا یاد ہے

قطرۂ شبنم کا گرنا پھول کے رخسار پر

اور بھنوروں کا وہاں کچھ گنگنانا یاد ہے

پر کشش غنچوں کے دل کش عکس کی وہ آرسی

اور وہ تاروں کے جیسے جھلملانا یاد ہے

خوشبو و خوش رنگ پھولوں سے مزین گلستاں

فیضؔ وہ باد بہاراں کا رجھانا یاد ہے

مزید غزلیں از فخرالدین غوری فیض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں