پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فخر لالہ کی غزلیں — Fakhar Lala Ghazals

فخر لالہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صادق سے صالحین سے آگے نہ بڑھ سکا (غزل)

صادق سے صالحین سے آگے نہ بڑھ سکا

جو قافلہ یقین سے آگے نہ بڑھ سکا

خلقت خراج خون کا دیتی رہی سدا

پر تخت جانشین سے آگے نہ بڑھ سکا

میں نے ہزار بار جگہ دل میں دی مگر

کم ظرف آستین سے آگے نہ بڑھ سکا

اس کے دماغ و دل میں کئی وسوسے رہے

قصہ یوں دوربین سے آگے نہ بڑھ سکا

سجدوں کا ڈھیر سامنے رکھنا فضول ہے

سجدہ اگر جبین سے آگے نہ بڑھ سکا

اے عمر رواں گرمئ رفتار کہاں تک (غزل)

اے عمر رواں گرمئ رفتار کہاں تک

گردش میں رہیں صورت پرکار کہاں تک

پیوند جنوں زینت پوشاک خرد ہو

دامن ترے یوسف کا رہے تار کہاں تک

دریا کو ملیں بھینٹ میں شہزادیاں لیکن

بدلے میں ہمیں وادیٔ پر خار کہاں تک

اب کشتیٔ جاں پاس کے ساحل سے لگا دیں

سینے پہ سہیں وقت کی پتوار کہاں تک

پیمانۂ دل دید سے بھر جائے گا آخر

منت کش ساقی رہے مے خوار کہاں تک

درویش کو درپیش جو انبوہ سگاں ہو

آداب فقیری ہوں اثر دار کہاں تک

مشکیزہ وہی پیاس کا عالم بھی وہی ہے

ہے عشق میں صحرا کا یہ کردار کہاں تک

مزید غزلیں از فخر لالہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں