پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاخر جلال پوری کی غزلیں — Fakhir Jalalpuri Ghazals

فاخر جلال پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فتنوں کا کاروبار ہے آؤ دعا کریں (غزل)

فتنوں کا کاروبار ہے آؤ دعا کریں

ہر سو اک انتشار ہے آؤ دعا کریں

تہذیب رکھ رکھاؤ اور آداب زندگی

نسلوں پہ جیسے بار ہے آؤ دعا کریں

موج نسیم باد صبا کے لئے بھی اب

ہر پھول جیسے خار ہے آؤ دعا کریں

اک حق پرست عام نگاہوں میں ان دنوں

جیسے گناہ گار ہے آؤ دعا کریں

ہر ہر قدم پہ گلیوں میں اور شاہراہ پر

تہذیب شرمسار ہے آؤ دعا کریں

اکثر خطیب شہر کا ارشاد عالیہ

لفظوں کا اک حصار ہے آؤ دعا کریں

افسوس صرف لقمۂ تر کی ہوس میں آج

انساں ذلیل و خوار ہے آؤ دعا کریں

مال و منال جاہ و حشم کا بس اک جنوں

اعصاب پر سوار ہے آؤ دعا کریں

اپنا ضمیر بیچنے والا ہی آج کل

لوگوں میں ذی وقار ہے آؤ دعا کریں

مکر و فریب اور ریا کاریوں کا شغل

اب وجہ افتخار ہے آؤ دعا کریں

دھرتی پہ رہ کے کرتے ہیں بات آسمان کی

یوں زیست سے فرار ہے آؤ دعا کریں

اللہ رے حقوق و فرائض کا ہر عمل

اک دوسرے پہ بار ہے آؤ دعا کریں

فاخرؔ انا کی پیاس بجھانے کے واسطے

ہر شخص بے قرار ہے آؤ دعا کریں

یوں تری یاد میں کھو گئے (غزل)

یوں تری یاد میں کھو گئے

ہم تھے کیا اور کیا ہو گئے

اک نئی صبح کا خواب ہم

دیکھتے دیکھتے سو گئے

شہد کی فصل سے کیا گلہ

زہر تو آپ ہم بو گئے

آخر شب مرے اشک غم

داغ قلب و جگر دھو گئے

کتنے فاخرؔ مرے سامنے

کیا سے کیا کیا سے کیا ہو گئے

مزید غزلیں از فاخر جلال پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں