پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فخر عباس کی غزلیں — Fakhar Abbas Ghazals

فخر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جو لاہور سے محبت ہے (غزل)

یہ جو لاہور سے محبت ہے

یہ کسی اور سے محبت ہے

اور وہ اور تم نہیں شاید

مجھ کو جس اور سے محبت ہے

یہ ہوں میں اور یہ مری تصویر

دیکھ لے غور سے محبت ہے

بچپنا کمسنی جوانی آج

تیرے ہر دور سے محبت ہے

ایک تہذیب ہے مجھے مقصود

مجھ کو اک دور سے محبت ہے

اس کی ہر طرز مجھ کو بھاتی ہے

اس کے ہر طور سے محبت ہے

روتی ہوئی آنکھوں کا وہ منظر نہیں دیکھا (غزل)

روتی ہوئی آنکھوں کا وہ منظر نہیں دیکھا

چھوڑ آئے تو پھر ہم نے پلٹ کر نہیں دیکھا

کچھ وہ بھی سمجھنے کا تکلف نہیں کرتے

کچھ ہم نے زباں سے کبھی کہہ کر نہیں دیکھا

شاید اسی کم یاب کو کہتے ہیں تبسم

ہم نے ترے چہرے پہ جو اکثر نہیں دیکھا

ہم حسن بہ انداز حسیں دیکھنے والے

سچ بات ہے تجھ سا کوئی پیکر نہیں دیکھا

اس زخم کا ظالم کو تو احساس بہت ہے

جس زخم کو ہم نے کبھی گن کر نہیں دیکھا

ہم کو تو سر حشر تھی اک اور کسک بھی

جاتے ہوئے ہم نے رخ دلبر نہیں دیکھا

آج بھی جب میں بائیک پہ بیٹھوں (نظم)

آج بھی جب میں بائیک پہ بیٹھوں

آج بھی میرے پہلو پہ اک ہاتھ دکھائی دیتا ہے

آج بھی میرے کانوں کو اک گیت سنائی دیتا ہے

آج بھی کوئی زلف مرا دل خوشبو سے مہکاتی ہے

یاد کسی کی آج بھی میرے پیچھے بیٹھ کے جاتی ہے

مزید غزلیں از فخر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں