فیضان ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ملا رہا ہوں ترا حسن کائنات کے ساتھ (غزل)
ملا رہا ہوں ترا حسن کائنات کے ساتھ
فزکس کھول کے بیٹھا ہوں دینیات کے ساتھ
یہ پوسٹر تو بھلا ہے مگر پڑھے لکھو
ذرا سا دل بھی تو رکھو قلم دوات کے ساتھ
یہ عشق ایک دیا ہر طرف دکھاتا ہے
میں جی رہا ہوں تواتر سے معجزات کے ساتھ
بہت قدیم نہیں کل کا واقعہ ہے یہ
میں اس زمین پہ اترا تھا تیری ذات کے ساتھ
گزر رہا ہوں کسی دل نشیں سرائے سے
ملا رہا ہوں میں خوابوں کو واقعات کے ساتھ
بس یہی سوچ کے رہتا ہوں میں زندہ اس میں (غزل)
بس یہی سوچ کے رہتا ہوں میں زندہ اس میں
یہ محبت ہے کوئی مر نہیں سکتا اس میں
یہ بھی دروازہ ہے اس گھر میں اسے کھولیں تو
رات کھل جاتی ہے کھلتا نہیں کمرہ اس میں
پھول تو پھول میں پتی بھی نہیں توڑوں گا
تجھ سے ثابت ہی نہ ہوگا مرا ہونا اس میں
تو نے دو شخص اتارے تھے یہ میں جانتا ہوں
میں نے بھی شعر کہے ہیں بہت اعلیٰ اس میں
آخری عشق کے آغاز پہ دم توڑتا ہوں
میں کوئی دم دما دم دم نہیں کرتا اس میں