پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیضان اسعد کی غزلیں — Faizan Asad Ghazals

فیضان اسعد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دروغ گوئی کی فطرت کو آگ لگ جائے (غزل)

دروغ گوئی کی فطرت کو آگ لگ جائے

تمہاری دوغلی صورت کو آگ لگ جائے

نہ جانے کتنے ہی لوگوں کو مار ڈالا ہے

خدا کرے کہ محبت کو آگ لگ جائے

فقیر شہر کو فاقہ کشی نے مار دیا

امیر شہر کی دولت کو آگ لگ جائے

کہیں ملے جو وفا تو خرید کر رکھ لو

نہ جانے کب یہاں قیمت کو آگ لگ جائے

مآل خفتگی دیکھو یہ قوم چیخ رہی

ذہین فکر کی غفلت کو آگ لگ جائے

حقیر سمجھے سبھی کو ذلیل کرتا پھرے

انا پرست کی شہرت کو آگ لگ جائے

بدل سکے نہ عداوت کو جو اخوت سے

تو ایسے لوگوں کی صحبت کو آگ لگ جائے

چھپا ہو مقصد شہرت اگر بھلائی میں

تو ایسی عزت و شہرت کو آگ لگ جائے

فراق جاناں سے اسعدؔ کا دل ہوا چھلنی

دعائے دل ہے کہ ہجرت کو آگ لگ جائے

سنا تو ہوگا ہی سرکار جھوٹ بولتے ہیں (غزل)

سنا تو ہوگا ہی سرکار جھوٹ بولتے ہیں

نہاں نہیں سر بازار جھوٹ بولتے ہیں

عدالتیں ہوں کہ منصف ہو یا گواہ کوئی

ہمارے حق میں یہ ہر بار جھوٹ بولتے ہیں

ہمارے شہر میں بھوکا نہ مل سکے گا کوئی

یہ مال و زر کے پرستار جھوٹ بولتے ہیں

میں لا کے چاند بھی دے دوں جو تم کہو جاناں

قسم سے عشق کے بیمار جھوٹ بولتے ہیں

ہمارا عہد بھرے گا ترقیوں کی اڑان

سیاسی لوگ ہیں عیار جھوٹ بولتے ہیں

محبتوں کی روایت کے پاسبان ہیں ہم

زبان کاٹ دو اخبار جھوٹ بولتے ہیں

یقین کیسے کریں واعظوں پہ اے اسعدؔ

پہن کے جبہ و دستار جھوٹ بولتے ہیں

مزید غزلیں از فیضان اسعد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں