فیاض رشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
طاقت کے سارے زور کو خاموش کر دیا (غزل)
طاقت کے سارے زور کو خاموش کر دیا
خاموشیوں نے شور کو خاموش کر دیا
جس ڈور سے نکلتی رہی پیار کی سدا
ظالم نے ایسے ڈور کو خاموش کر دیا
سب کچھ تو ٹھیک تھا جو نظر پاؤں پر پڑی
مستی میں ڈوبے مور کو خاموش کر دیا
وہ بھیڑ تھی جو ٹوٹ پڑی اور اس جگہ
ہاتھوں میں آئے چور کو خاموش کر دیا
اکثر یہی ہوا ہے کہ جسموں کی آگ نے
جسموں کے پور پور کو خاموش کر دیا
اے دوست مے سے دور ہی رہنا کہ اس نے تو
کتنے ہی بادہ خور خاموش کر دیا
فیاضؔ ہم دیا نہیں جس کو کہ آپ نے
شب بھر جلایا بھور کو خاموش کر دیا
ہر قدم خوف ہے دہشت ہے ریاکاری ہے (غزل)
ہر قدم خوف ہے دہشت ہے ریاکاری ہے
روشنی میں بھی اندھیروں کا سفر جاری ہے
طاقت کفر نے کہرام مچا رکھا ہے
جانے کس کس کو مٹانے کی یہ تیاری ہے
مل کے سب قہر بپا کرتے ہیں انسانوں پر
ہے جنوں ذہن میں اور آنکھ میں چنگاری ہے
اپنے انداز سے ایک ساتھ یہاں پر رہنا
یہ ہماری ہی نہیں تیری بھی لاچاری ہے
ہم نے ہر عہد میں رکھا ہے بھرم تیرا جب
تو ہی اے وقت بتا کیا یہ وفاداری ہے
اس کو دنیا میں کوئی آنکھ دکھا سکتا ہے کیا
رشکؔ جس قوم میں احساس ہے بیداری ہے