پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیاض بوستان کی غزلیں — Faiyyaz Bostan Ghazals

فیاض بوستان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جگنوؤں کی قسم دیوں کی قسم (غزل)

جگنوؤں کی قسم دیوں کی قسم

خوبصورت ہے تو دنوں کی قسم

تیرے بن دنیا چل نہیں سکتی

گھر کے متروک برتنوں کی قسم

مجھ سے نیندوں نے پردہ کر لیا ہے

تیرے مستور بازوؤں کی قسم

ختم ہے تجھ پہ داستان حیا

تیرے ہمراز آئنوں کی قسم

تو بہت سیدھی سادی لڑکی ہے

شکن آلود بستروں کی قسم

تیرا ساتھ اچھا لگتا ہے مجھ کو

راستوں کی قسم گھروں کی قسم

زندگی سے مجھے محبت ہے

رسیوں کی قسم کنوؤں کی قسم

میرے احباب مجھ سے مخلص ہیں

مجھ کو یوسف کے بھائیوں کی قسم

باد صبا خموش ہو گلزار چپ رہیں (غزل)

باد صبا خموش ہو گلزار چپ رہیں

وہ بات کر رہا ہے خبردار چپ رہیں

تصویر سے لڑیں دم دیدار چپ رہیں

بے وقت گفتگو کریں بے کار چپ رہیں

وہ خوش کلام نظم سی سرگوشیاں کرے

اس وقت جھومتے در و دیوار چپ رہیں

تجھ خوبرو پہ مرنے کا حق پہلے میرا ہے

شہزادی کہہ بھی دے ترے سالار چپ رہیں

کم گو تھا میں سو مجھ پہ دلیلوں سے بین کر

میں چاہتا تھا میرے عزادار چپ رہیں

میرے تمام دوست مرے حق میں ٹھیک ہیں

ایک آدھ مجھ کو رد کریں دوچار چپ رہیں

یاں بحث چونکہ عشق کے بارے میں جاری ہے

سو معذرت کے ساتھ سمجھدار چپ رہیں

مزید غزلیں از فیاض بوستان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں