فیصل ندیم فیصل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگرچہ تم سا بنایا نہیں گیا ہوں میں (غزل)
اگرچہ تم سا بنایا نہیں گیا ہوں میں
مگر بنا کے مٹایا نہیں گیا ہوں میں
اسے یہ دکھ کہ زمیں تنگ قافیہ مشکل
مجھے یہ دکھ کہ نبھایا نہیں گیا ہوں میں
میں جس طرف سے مکمل دکھائی دیتا ہوں
اسی طرف سے دکھایا نہیں گیا ہوں میں
یہ انکساری ازل سے مرے خمیر میں ہے
جھکا ہوا ہوں جھکایا نہیں گیا ہوں میں
غرور لازمی عنصر تھا اس وزارت کا
سو خود ہٹا ہوں ہٹایا نہیں گیا ہوں میں
میں اپنی ذات میں اک معتبر حوالہ ہوں
کسی کے ساتھ ملایا نہیں گیا ہوں میں
میں مسئلوں میں فلسطین ہوں مگر فیصلؔ
کسی جگہ پہ اٹھایا نہیں گیا ہوں میں
آپ بے کار الجھ بیٹھے ہیں تقدیر کے ساتھ (غزل)
آپ بے کار الجھ بیٹھے ہیں تقدیر کے ساتھ
پہلے پڑھیے تو ذرا صبر کو تفسیر کے ساتھ
مصلحت ہے کہ محبت ہے غضب ہے جو ہے
دیکھ دیوار اتر آئی ہے تصویر کے ساتھ
مفلسی آ گئی اس بار بھی آڑے ورنہ
لازماً پھول بھی ملتے تجھے تحریر کے ساتھ
کیا ہی اچھا تھا شہ وقت کہ ایسا ہوتا
دکھ فلسطیں کا بھی ہوتا تجھے کشمیر کے ساتھ
سوجھتا ہے کبھی فیصلؔ جو کنارہ کرنا
لاکھ خدشات جنم لیتے ہیں تدبیر کے ساتھ