پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیصل قادری گنوری کی غزلیں — Faisal Qadri Gunnauri Ghazals

فیصل قادری گنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کون ہے جو کانوں میں رس گھول رہا ہے (غزل)

یہ کون ہے جو کانوں میں رس گھول رہا ہے

کوئل کی طرح میٹھا بہت بول رہا ہے

دولت سے محبت کو مری تول رہا ہے

وہ شخص جو میرے لیے انمول رہا ہے

کیا پانے کی رکھے گا کوئی تجھ سے توقع

ہاتھوں میں ہمیشہ ترے کشکول رہا ہے

سب اچھی طرح سے تجھے پہچان گئے ہیں

اب تک جو یہ چہرے پہ ترے خول رہا ہے

کیا بھول گیا ہے تو ابھی پر نہیں میرے

صیاد ابھی کیوں یہ قفس کھول رہا ہے

لا علم بھی کر لیتے تھے اشعار کو موزوں

فیصلؔ یہ مرے شہر کا ماحول رہا ہے

حال کیا کر دیا دوانے کا (غزل)

حال کیا کر دیا دوانے کا

شکریہ مجھ کو آزمانے کا

یہ بہانا دیا جگانے کا

اس نے وعدہ کیا ہے آنے کا

میرے حالات کیا ذرا بگڑے

رخ بدلنے لگا زمانے کا

میں حسینوں کے دل میں رہتا ہوں

یہ پتہ ہے مرے ٹھکانے کا

ہم سے ملنا نہیں تو گھر جاؤ

فائدہ کیا ہے دل جلانے کا

چین کی نیند سوئے گا فیصلؔ

کاش تکیہ ہو تیرے شانے کا

راہ الفت پہ چل کے دیکھو تو (نظم)

راہ الفت پہ چل کے دیکھو تو

اپنے غم سے نکل کے دیکھو تو

جس طرف دیکھو بے قراری ہے

ساری دنیا ہی غم کی ماری ہے

یوں تو کتنے ہی خوبصورت ہیں

ایک دوجے کی ہم ضرورت ہیں

تیری یادوں میں کھو رہے ہیں ہم

اپنی پلکیں بھگو رہے ہیں ہم

میری باتوں کا اعتبار کرو

میرے محبوب مجھ سے پیار کرو

در حقیقت جو عشق کرتے ہیں

پھر جو چاہیں وہ کر گزرتے ہیں

وہ محبت میں نامکمل ہیں

حسن پر مرنے والے پاگل ہیں

زندگانی ہے ختم ہونا ہے

حسن فانی ہے ختم ہونا ہے

بے زبانوں کی ہم ندا ہوتے

کاش کردار پر فدا ہوتے

خود یہ انجام کر کے بیٹھے ہیں

عشق نا کام کر کے بیٹھے ہیں

مزید غزلیں از فیصل قادری گنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں