پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیصل ملک کی غزلیں — Faisal Malik Ghazals

فیصل ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت اب ہو چکا گریہ چلو اب گھر کو جاتے ہیں (غزل)

بہت اب ہو چکا گریہ چلو اب گھر کو جاتے ہیں

بہت سی باتیں کرتے ہیں بہت سا مسکراتے ہیں

کبھی پھر یہ سیہ راتیں ہمیں تنہا نہ پائیں گی

چلو ہم ساتھ میں مل کر ملن کا گیت گاتے ہیں

یہ شاید ان کی فطرت ہے یا مجھ کو ایسا لگتا ہے

بڑے ہی مان سے کچھ لوگ دل سے کھیل جاتے ہیں

ہمیں اچھے تھے وہ دن جب دلوں کے رشتے سچے تھے

غرض کے سارے بندے ہیں غرض سے ملنے آتے ہیں

ہمیں کچھ دوستوں کے ساتھ بیتے پل نہیں بھولے

ہم آنکھیں موند لیتے ہیں تو وہ پل لوٹ آتے ہیں

وہ ہوگا عشق یا پھر ہوگی کوئی ان کی مجبوری

کسی کے دل کا عالم ہم بھلا کب جان پاتے ہیں

خدا اپنا جہاں اپنا زمیں اپنی فلک اپنا

یہ سب کچھ اپنا ہے فیصلؔ مگر ہم بھول جاتے ہیں

بیٹھا ہوں ہار کر اب اٹھانا نہیں مجھے (غزل)

بیٹھا ہوں ہار کر اب اٹھانا نہیں مجھے

کتنا برا ہوں میں یہ بتانا نہیں مجھے

ہو سکتا ہے وہیں سے ہی جڑ جائے میرا خواب

تم بس یہ کرنا آج جگانا نہیں مجھے

محسوس ہو تمہیں بھی ذرا لذت فراق

میں نے کہا بھی تھا کہ ستانا نہیں مجھے

محسوس ہو مجھے بھی ذرا تشنگی کا دکھ

یہ چند روز تم بھی پلانا نہیں مجھے

فیصلؔ تمہاری باتوں میں اب آنا ہی نہیں

تم لاکھ یہ کہو کہ بھلانا نہیں مجھے

میں اسے (نظم)

میں اسے

جیون کی آخری سرحد پر

چھوڑنے گیا تھا

جانتے ہو

جیون کی آخری سرحد پار

جو بھی چلا جائے

واپس نہیں آتا

میں اسے چھوڑ کر

خالی ہاتھ لوٹ آیا ہوں

کیا پتہ وہاں جا کر اسے

میری یاد آتی بھی ہو کہ نہیں

بیتے جیون کے سنہری پل

اسے بلاتے ہوں یا نہیں

کیا خبر

وہ بھی میری طرح

نئے جیون کے کاموں میں

الجھ بیٹھا ہو

لیکن کبھی کبھار تو

میری طرح وہ بھی

مجھے یاد کرتا ہوگا

اس نے کہا تھا

جاتے جاتے مجھے بلا کر

میرے کان میں

سرگوشی میں

ہم پھر ملیں گے

کسی اور ہی نئی دنیا میں

کسی اور خوب صورت جیون میں

اک بار ضرور ملیں گے

مختلف سے حالات میں

مختلف سے خد و خال کے ساتھ

جیون کے کسی نئے کردار میں

اور میں سوچتا ہوں

سچ ہی تو کہتا تھا وہ

کسی کے مر جانے سے

اس کی اہمیت کم نہیں ہوتی

محبت کم نہیں ہوتی

بلکہ

محبت تو بس

جسم چھوڑ دیتی ہے

اور جا کر

کسی اور جسم میں اتر جاتی ہے

کوئی اور چہرہ

کوئی اور کردار

ہو بہو وہی کہانی دہراتا ہے

جو جیون کی آخری سرحد تک

ساتھ چلتی ہے

محبت کب مرتی ہے

مزید غزلیں از فیصل ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں