فیصل محمود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا کا لاکھ شکر ہے کہ سب نہاں نہیں رہے (غزل)
خدا کا لاکھ شکر ہے کہ سب نہاں نہیں رہے
جو آستیں کے سانپ تھے وہ اب یہاں نہیں رہے
بہت دنوں کی بات ہے یہیں کہیں پہ زخم تھے
یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اب نشاں نہیں رہے
اور ایک دن ہم آپ کی یہ دنیا چھوڑ جائیں گے
خبر ملے گی آپ کو کہ ہم یہاں نہیں رہے
نہ پہلے جیسی سرکشی نہ دل میں کوئی خواہشیں
کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ ہم جواں نہیں رہے
نکل کے تیرے دل سے ہم جو لا مکاں میں کھو گئے
تو سوچ کر ذرا بتا کہ اب کہاں نہیں رہے
ہمارے دل نے آج بھی ہمیں کہا کہ بات سن
فلاں کو دفن کر دیا اور اب فلاں نہیں رہے
کہاں گئی وہ روشنی وہ رت جگے کہاں گئے (غزل)
کہاں گئی وہ روشنی وہ رت جگے کہاں گئے
چراغ جانے کیا ہوئے وہ طاقچے کہاں گئے
زمین ان کو کھا گئی کہ آسماں نگل گیا
جو ہارتے کبھی نہ تھے وہ ہار کے کہاں گئے
وطن کو چھوڑتے سمے کوئی تو ہم کو روکتا
وہ منتیں کہاں گئیں وہ واسطے کہاں گئے
برا لگے نہ آپ کو تو ایک بات پوچھ لوں
مرے تو خیر آپ تھے پر آپ کے کہاں گئے
ہمیں تو کچھ خبر نہیں کہ ہم کہاں ہیں آج کل
ہمیں تو ہوش بھی نہیں کہ آبلے کہاں گئے
میں سوچتا ہی رہ گیا وہ لوگ جانے کیا ہوئے
میں دیکھتا ہی رہ گیا کہ قافلے کہاں گئے
یہاں بڑا ہجوم تھا یہیں کہیں تھیں رونقیں
وہ دوستی کہاں گئی وہ رابطے کہاں گئے