فیصل خیام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سمندر میں اتارا جا رہا تھا (غزل)
سمندر میں اتارا جا رہا تھا
مجھے دھوکے سے مارا جا رہا تھا
جہاں سے آج تک گزرا نہیں میں
اسی جانب دوبارہ جا رہا تھا
نوازش نام کی تھی درحقیقت
ہمیں سر سے اتارا جا رہا تھا
بنا تیرے وہ اک چھوٹا سا لمحہ
کہاں مجھ سے گزارا جا رہا تھا
یہی تھی سوکھے دریا کی کہانی
کہیں تنہا کنارہ جا رہا تھا
اب دیکھ رہے ہو نہ پذیرائی ہماری (غزل)
اب دیکھ رہے ہو نہ پذیرائی ہماری
صد شکر زمانے کو سمجھ آئی ہماری
تم کو نہ بدلنا پڑے تالاب کا پانی
تم کو نہ بسر کرنی پڑے کائی ہماری
افلاک کے اس پار نظر آتا تھا ہم کو
تو تھا تو بہت تیز تھی بینائی ہماری
تم بھیج نہیں سکتے ہو گلزار کی نظمیں
تم بانٹ نہیں سکتے ہو تنہائی ہماری
پرکھو کسی میزان پہ معیار بصیرت
ماپو کسی پیمانے سے گہرائی ہماری
مزید غزلیں از فیصل خیام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں