فیصل امام رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میری صورت سے وہ انجان بھی ہو سکتا ہے (غزل)
میری صورت سے وہ انجان بھی ہو سکتا ہے
میرے ملنے سے وہ حیران بھی ہو سکتا ہے
تم تو ہر بات میں ڈھونڈو ہو منافع لیکن
اس محبت میں تو نقصان بھی ہو سکتا ہے
مسکراتے ہوئے پھولوں کی نزاکت پہ نہ جا
کوئی اندر سے پریشان بھی ہو سکتا ہے
بے وفا جس کو سر بزم کہے جاتے ہو
وہ ترے عشق میں قربان بھی ہو سکتا ہے
آج جس شخص کے شکوے ہیں ترے ہونٹوں پر
کل یہی شخص تری جان بھی ہو سکتا ہے
یہ ضروری تو نہیں عشق ہو دلی میں فقط
شہر محبوب تو ملتان بھی ہو سکتا ہے
دیکھو الجھو نہیں درویش سے ہرگز لوگو
ورنہ پھر شہر یہ ویران بھی ہو سکتا ہے
اب جو پہنے ہوئے گزرا ہے فقیروں سا لباس
یہ گئے وقت کا سلطان بھی ہو سکتا ہے
تم جسے دار پہ لے آئے ہو کافر کہہ کر
یہ تو بیچارہ مسلمان بھی ہو سکتا ہے
ہے جو غنچوں سے بھرا آپ کا گلشن فیصلؔ
عشق میں یہ تو بیابان بھی ہو سکتا ہے
نہ موم ہوں نہ سنگ ہوں ملنگ ہوں (غزل)
نہ موم ہوں نہ سنگ ہوں ملنگ ہوں
میں خود سے خود کی جنگ ہوں ملنگ ہوں
تمہیں جہان رنگ و بو کا شوق ہے
میں زندگی سے تنگ ہوں ملنگ ہوں
مرے بدن پہ عشق کے نشان ہیں
تری نظر میں ننگ ہوں ملنگ ہوں
چھلک پڑے ہیں جام جس کے ساز سے
میں ایسی جل ترنگ ہوں ملنگ ہوں
نہ گرد کا نہ بارشوں کا ڈر مجھے
میں ایسا خاص رنگ ہوں ملنگ ہوں
ترے بدن کے معجزوں کو دیکھ کر
میں عقل والا دنگ ہوں ملنگ ہوں
نہ روک مجھ کو رقص سے میں کہہ چکا
ملنگ ہوں ملنگ ہوں ملنگ ہوں