فیصل ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب خاک اڑاتا ہوا نیندوں کا سفر ہو (غزل)
جب خاک اڑاتا ہوا نیندوں کا سفر ہو
پھر کیوں نہ کسی اور ہی دنیا سے گزر ہو
وہ میرے برابر سے نکل آیہ تھا ورنہ
دیوار نہ تھی ایسی کہ جس میں کوئی در ہو
میں جسم سے گزرا ہوں یہی سوچ کے اکثر
شاید کہ تری روح کا اس راہ میں گھر ہو
یہ کیسی تمنا ہے کہ اس دشت میں فیصلؔ
دریا ہو کنارہ ہو سفینہ ہو بھنور ہو
تمہیں معلوم ہے جب بھی (نظم)
تمہیں معلوم ہے جب بھی
پرانے یار
گلیوں کی
یوں ہی بے سود باتوں میں
کئی گھنٹوں کی
بے مصرف
نشست رائیگاں کو
یاد کرتے ہیں
تو کتنا لطف آتا ہے
پرانے گھر میں گزرے پل
اور ان میں
سب کہی اور ان کہی
باتوں کو جب دہرایا جاتا ہے
تمہیں معلوم ہے جب اس طرح کے
ان گنت لمحے
جنہیں ہم یاد کرتے ہیں
جنہیں ہم ڈھونڈتے ہیں
زندگی کی ہر اداسی میں
مقید ہیں گھڑی کے عین مرکز میں
رواں ان سوئیوں کی
بے صلہ بے کار حرکت میں
تمہیں معلوم ہے جب بھی مجھے ان کی ضرورت تھی
تو میں نے وقت سے
ان آخری ایام میں اتنی گزارش کی
مجھے دے دو وہ سب لمحے
کہ اب ان کی ضرورت ہے
تو وہ مجھ سے یہی کہتا
کئی لمحے
کلائیوں پر بندھی گھڑیوں سے باہر ہیں
انہیں میں کیسے واپس دوں
انہیں میں کیسے لوٹا دوں