پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیصل فہمی کی غزلیں — Faisal Fehmi Ghazals

فیصل فہمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک نظر مڑ کے مجھے دیکھ اے جانے والے (غزل)

اک نظر مڑ کے مجھے دیکھ اے جانے والے

یہ جو لمحے ہیں کبھی پھر نہیں آنے والے

کتنی پاکیزہ جگہ ہے کہ جہاں پر لوگوں

اہل مقتل ہیں مری لاش جلانے والے

غم دوراں کے مصائب کا مداوا کیا ہے

عشق بس عشق بتاتے ہیں بتانے والے

یہی سب لوگ ہیں ان سب نے مرا قتل کیا

یہ مری قبر کو پھولوں سے سجانے والے

میں نے یہ بات بہت دیر سے جانی فہمیؔ

سارے وعدے نہیں ہوتے ہیں نبھانے والے

کیوں آسمان ہجر کے تارے چلے گئے (غزل)

کیوں آسمان ہجر کے تارے چلے گئے

اب کیا ہوا جو خواب تمہارے چلے گئے

ساقی کے در پہ آج بغاوت کے شور میں

ہم جام جام جام پکارے چلے گئے

روٹھا ہوا ہے چاند بہت آفتاب سے

اور چاندنی کو ڈھونڈنے تارے چلے گئے

اس دست اختیار میں اک جان ہی تو تھی

ہم تم پہ اپنی جان کو وارے چلے گئے

بے مہر زندگی کا گزارا نہ ہو سکا

ہم بار بار عشق میں ہارے چلے گئے

آج تو کچھ پیار کے بیمار کا بھی ذکر ہو (نظم)

آج تو کچھ پیار کے بیمار کا بھی ذکر ہو

کب تلک بیٹھیں گے یوں ہی پھول مرجھائے ہوئے

کب تلک باد صبا زندان شب میں قید ہو

کب تلک دہکیں گے شعلے ہجر کے گلزار میں

کب تلک عریاں رہیں گے یہ شجر گل سب صف بہ صف

کب تلک روئے گی شبنم کب تلک ہاں کب تلک

مزید غزلیں از فیصل فہمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں