پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فہیم گورکھپوری کی غزلیں — Faheem Gorakhpuri Ghazals

فہیم گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر دم بتائے جاتے ہیں ہم بے وفا نہیں (غزل)

ہر دم بتائے جاتے ہیں ہم بے وفا نہیں

تم کو نہیں یقین تو شک کی دوا نہیں

وہ کہہ رہے ہیں ناز سے ہم بے وفا نہیں

کس کا ہے منہ جو کہہ دے یہ دعویٰ بجا نہیں

زلف رسا بھی یار کی اتنی رسا نہیں

طول شب فراق کی کچھ انتہا نہیں

آنے کو ہے وہ ہوش ربا ہو کے بے نقاب

اے بے خودی جبھی تو پتا ہوش کا نہیں

او رشک حور قتل نہ کر مجھ غریب کو

کوچہ ترا بہشت ہے کچھ کربلا نہیں

بجلی سے بھی سوا ہے چمک میں نگاہ شوخ

سچ ہے وہ تیغ ہی نہیں جس پر جلا نہیں

کل خوش تھے وہ جو پوچھتے تھے میری آرزو

کیسی یہ مجھ سے چوک ہوئی کچھ کہا نہیں

شاکی ہوں اپنے بخت کا سمجھو تو بات بھی

تم کیوں بگڑ رہے ہو تمہارا گلہ نہیں

رو کر عدو کے سوگ میں اندھیر کر دیا

اے شوخ آج آنکھ تری سرمہ سا نہیں

دل دے کے میں ہوا ہدف ناوک ستم

اس میں مری خطا ہے تمہاری خطا نہیں

گھبراؤ مت جو مانگتے ہیں ہم دعائے وصل

مقبول ہو کبھی وہ ہماری دعا نہیں

پریوں میں یہ ادا ہے نہ حوروں میں یہ بناؤ

خود حسن کہہ رہا ہے کہ ثانی ترا نہیں

انصاف کی جو بات ہے کہتا ہوں اے فہیمؔ

شاعر نہیں جو معتقد احسان کا نہیں

تم کو جو مجھ سے شکایت ہے کہ شکوہ نہ کرو (غزل)

تم کو جو مجھ سے شکایت ہے کہ شکوہ نہ کرو

بندہ پرور ہمیں ہر روز ستایا نہ کرو

مہندی مل کر تو نہ آنے کا بہانہ نہ کرو

آج ہے وصل کی شب خون تمنا نہ کرو

تم نکالو مرے ارماں مرا مطلب یہ نہیں

مجھ کو کہنا تو یہ ہے غیر کا کہنا نہ کرو

توبہ توبہ مئے الفت کو بتاتے ہو حرام

بے پیے شیخ جی اس طرح سے بہکا نہ کرو

میں کہوں گا تمہیں ظالم جو ستاؤ گے مجھے

تم جو یہ سن نہیں سکتے ہو تو ایسا نہ کرو

ہاں مرے حسن کی تعریف پہ چڑھتے ہو اگر

آئینہ دیکھ کے پھر تم مجھے دیکھا نہ کرو

اپنے عاشق سے مناسب نہیں اس طرح حجاب

آؤ آنکھوں میں مری شوق سے پردا نہ کرو

دے گئے عالم رویا میں یہ تسکین مجھے

ضبط الفت میں ہے لازم تمہیں رویا نہ کرو

کیا غلط ہے یہ رقیبوں سے نہیں ربط تمہیں

یہ بجا تم نے کہا شکوۂ بے جا نہ کرو

میں کوئی غیر کی حسرت نہیں ارمان نہیں

اپنی محفل سے مجھے یار نکالا نہ کرو

ان کی پیماں شکنی ان کو یہ سکھلاتی ہے

کرکے عشاق سے وعدہ کبھی ایفا نہ کرو

ان کا غصہ نہیں کچھ قہر خدا حضرت دل

بت بگڑتے ہیں تو ہرگز کوئی پروا نہ کرو

غیر سے قطع تعلق میں بھلائی ہے ضرور

ہاں اگر کوئی برائی ہو تو اچھا نہ کرو

خاکساری کا سکھاتا ہے طریقہ مجھے ضعف

کہتا ہے بیٹھ کے اس بزم سے اٹھا نہ کرو

جان سے اپنی گزر جاؤ محبت میں فہیمؔ

نام اگر چاہتے ہو ہمت مردانہ کرو

مزید غزلیں از فہیم گورکھپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں