فہیم جوگاپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شام خاموش ہے پیڑوں پہ اجالا کم ہے (غزل)
شام خاموش ہے پیڑوں پہ اجالا کم ہے
لوٹ آئے ہیں سبھی ایک پرندہ کم ہے
دیکھ کر سوکھ گیا کیسے بدن کا پانی
میں نہ کہتا تھا مری پیاس سے دریا کم ہے
خود سے ملنے کی کبھی گاؤں میں فرصت نہ ملی
شہر آئے ہیں یہاں ملنا ملانا کم ہے
آج کیوں آنکھوں میں پہلے سے نہیں ہیں آنسو
آج کیا بات ہے کیوں موج میں دریا کم ہے
اپنے مہمان کو پلکوں پہ بٹھا لیتی ہے
مفلسی جانتی ہے گھر میں بچھونا کم ہے
بس یہی سوچ کے کرنے لگے ہجرت آنسو
اپنی لاشوں کے مقابل یہاں کاندھا کم ہے
دل کی ہر بات زباں پر نہیں آتی ہے فہیمؔ
میں نے سوچا ہے زیادہ اسے لکھا کم ہے
کیا کوئی تصویر بن سکتی ہے صورت کے بغیر (غزل)
کیا کوئی تصویر بن سکتی ہے صورت کے بغیر
پھر کسی سے کیوں ملے کوئی ضرورت کے بغیر
دشمنی تو چاہنے کی انتہا کا نام ہے
یہ کہانی بھی ادھوری ہے محبت کے بغیر
تیری یادیں ہو گئیں جیسے مقدس آیتیں
چین آتا ہی نہیں دل کو تلاوت کے بغیر
دھوپ کی ہر سانس گنتے شام تک جو آ گئے
چھاؤں میں وہ کیا جئیں جینے کی عادت کے بغیر
بچ گیا دامن اگر میرے لہو کے داغ سے
وہ مرا قاتل تو مر جائے گا شہرت کے بغیر
اس کی سرداری سے اب انکار کرنا چاہیے
روشنی دیتا نہیں سورج سیاست کے بغیر
حسن کی دوکان ہو کہ عشق کا بازار ہو
یاں کوئی سودا نہیں ہے دل کی دولت کے بغیر
شبنمی چہرہ چھپاؤں کیسے بچوں سے فہیمؔ
شام آتی ہی نہیں گھر میں طہارت کے بغیر