اعجاز مانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو سمندر ہمیں گھنگھور گھٹا دیتا ہے (غزل)
جو سمندر ہمیں گھنگھور گھٹا دیتا ہے
وہی قطروں کو بھی دریا سے ملا دیتا ہے
جدت آموز زمانہ ہمیں کیا دیتا ہے
راہ کی دھول سمجھتا ہے اڑا دیتا ہے
مفلسی کتنی تڑپ اٹھتی ہے بیتابی سے
آ کے سائل جو کبھی در پہ صدا دیتا ہے
ضبط کا پیڑ گھنا دل میں لگائے رکھنا
یہ گھنا پیڑ سدا ٹھنڈی ہوا دیتا ہے
تہہ میں جاؤ گے تو موتی بھی ملیں گے تم کو
بلبلہ سارے خزانے کا پتہ دیتا ہے
چین سے رہتا ہے بنیاد کا پتھر اعجازؔ
زلزلہ اونچی عمارت کو گرا دیتا ہے
جو بحر احتیاط میں پالی نہیں گئی (غزل)
جو بحر احتیاط میں پالی نہیں گئی
اس زندگی کی ناؤ سنبھالی نہیں گئی
ساحل سے دیکھتے رہے سب ڈوبتے ہوئے
لیکن بھنور سے ناؤ نکالی نہیں گئی
ان کے ہر اک اشارے پہ سر کو جھکا دیا
مجھ سے بڑوں کی بات بھی ٹالی نہیں گئی
پرکھوں سے اپنا طور ہے دستار باندھنا
پگڑی کسی کی ہم سے اچھالی نہیں گئی
گھونگھٹ شب عروس اٹھانے کی دیر تھی
پھر چادر حجاب سنبھالی نہیں گئی