اعجاز حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب کوئی بات ملاقات پہ مت چھوڑیئے گا (غزل)
اب کوئی بات ملاقات پہ مت چھوڑیئے گا
حال کہہ دیجے گا حالات پہ مت چھوڑیئے گا
گاتے رہیے گا کڑی دھوپ میں بھی نغمۂ عشق
اب جنوں موسم برسات پہ مت چھوڑیئے گا
چشم حیرت میں نمی رکھیے گا وجدان کی بھی
راز سارے ہی کرامات پہ مت چھوڑیئے گا
شہر میں رکھیے گا کچھ پیڑ لگانے کی جگہ
یہ فریضہ بھی مضافات پہ مت چھوڑیئے گا
یار جب دھیان میں آ جائے وہیں کیجئے رقص
جشن اب صورت حالات پہ مت چھوڑیئے گا
بے سبب ٹوٹ بھی جاتی ہے کبھی بات کہیں
دوست اچھا ہو تو اس بات پہ مت چھوڑیئے گا
جو بھی ہونا ہے وہ ہو کر ہی رہے گا حیدرؔ
یعنی دل وہم و خیالات پہ مت چھوڑیئے گا
وہیں پہ غم ہے جہاں پر خوشی پڑی ہوئی ہے (غزل)
وہیں پہ غم ہے جہاں پر خوشی پڑی ہوئی ہے
اور ان کے بیچ میں بھی دشمنی پڑی ہوئی ہے
نمٹ لوں اس سے تو سوچوں گا اپنے بارے میں
ابھی تو میرے گلے زندگی پڑی ہوئی ہے
نگاہ مجھ پہ کرے گا ضرور دشت جنوں
ذرا سی خاک مرے سر میں بھی پڑی ہوئی ہے
جو بات ہو نہ سکی اس کی بات کی جائے
وہ بات جو کہ ابھی ان کہی پڑی ہوئی ہے
میں اس لیے بھی نہیں کھولتا وہ الماری
پرانے کپڑوں میں دیوانگی پڑی ہوئی ہے