اعجاز گل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
در کھول کے دیکھوں ذرا ادراک سے باہر (غزل)
در کھول کے دیکھوں ذرا ادراک سے باہر
یہ شور سا کیسا ہے مری خاک سے باہر
روداد گزشتہ تو سنی کوزہ گری کی
فردا کا بھی کر ذکر جو ہے چاک سے باہر
خوش آیا عجب عشق کو یہ جامۂ زیبا
نکلا نہیں پھر ہجر کی پوشاک سے باہر
چاہا تھا مفر دل نے مگر زلف گرہ گیر
پیچاک بناتی رہی پیچاک سے باہر
آتا نہیں کچھ یاد کہ اے ساعت نسیاں
کیا رکھا ترے طاق پہ کیا طاق سے باہر
سنتا ہوں کہیں دور سے نقارا صبا کا
اتری ہے بہار اب کے بھی خاشاک سے باہر
کچھ دیر ٹھہر اور ذرا دیکھ تماشا
ناپید ہیں یہ رونقیں اس خاک سے باہر
موجود خلا میں ہیں اگر اور زمینیں
افلاک بھی ہوں گے کہیں افلاک سے باہر
دشوار ہے اب راستا آسان سے آگے (غزل)
دشوار ہے اب راستا آسان سے آگے
رکھ عمر کہن پچھلا قدم دھیان سے آگے
اٹکا ہوا سورج ہے اسی ایک سبق پر
بڑھتا نہیں دن رات کی گردان سے آگے
قسمت کی خرابی ہے کہ جاتا ہوں غلط سمت
پڑتا ہے بیابان بیابان سے آگے
پہنچا تو نہیں میں در وصلت پہ مگر ہاں
سنتا ہوں کہیں ہے شب ہجران سے آگے
نہ تخت نہ آباد کوئی شہر صبا کا
اک گریہ ہے دیوار سلیمان سے آگے
خمیازہ ہے اس عادت اسراف کا اور بس
جو بے سر و سامانی ہے سامان سے آگے
کل شور بپا دل میں تھا پہچان کی خاطر
اب سکتہ ہے آزار کا پہچان سے آگے
نکلی نہ کسی ایک کی تعبیر موافق
سو خواب تھے ہر خواب پریشان سے آگے
گزرتے وقت کے ویراں جزیروں کی سزا پیشانیوں پر ثبت ہے (نظم)
گزرتے وقت کے ویراں جزیروں کی سزا پیشانیوں پر ثبت ہے
آزردگی کے کیل جسموں میں گڑے ہیں
بد نصیبی گردنوں کا طوق ہے
اور محنتوں کے ہات خالی ہیں
ہوا کے ساتھ گندم کی مہک شہروں میں اڑتی ہے
ذخیرہ گھر مقفل ہیں
مشقت کا بدل کڑوے کسیلے موسموں کا ذائقہ ہے
ہم پرانی جھولیاں پھیلائے خواہش کے اندھیرے راستوں پر
الٹے لٹکے چیختے ہیں
اور خوش فہمی کی مٹی پر لکیریں کھینچتے ہیں
آسماں کی سمت تکتے ہیں
کہ شاید رات دن کے درمیانی فاصلوں کے ختم ہونے کی بشارت ہو
دکھوں کے کاغذوں پہ سکھ عبارت ہو